Live Updates

دہشت گردی کے شکار صحافیوں کو آج تک انصاف نہیں مل سکا،حلیم عادل شیخ

صحافیوں کے تحفظ سے جان چھڑانے والے حکمران مال بنانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں،رہنما پاکستان تحریک انصاف

منگل 3 مئی 2016 19:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ شہر کراچی سے آدھے گھنٹے کی مسافت کے باوجود ضلع ملیر ترقی کے لحاظ سے صدیوں پیچھے ہے ملیر اور کراچی شہر میں امریکا اور افریقا جیسا فرق ہے ،حکومت کی مجرمانہ غفلت ،لاپرواہی اور عدم دلچسپی نے ملیر کو لاوارث اور کچرے کے ڈھیر میں بدل کر رکھ دیاہے ،یہاں پر موجودگلیاں اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہیں روڈ اور راستے تباہ ہیں مساجد تک میں وضو کاتک کاپانی نہیں ہے ،چوری اورڈکیتی جیسے معاملات کا ہونا یہاں کے علاقوں میں معمول کا کام ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ملیر کاٹھور میں پی ٹی آئی کے رہنما نوید کلمتی کی رہائش گاہ پر ٹی پارٹی کی دعوت پر مقامی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات میں کہی،انہوں نے رہنماؤں کے ہمراہ نوری آباد میں پی ٹی آئی کے رہنما رفیق پالاری کے چچا، گڑاپ کے سماجی رہنما رضامحمد جوکھیو اور درسانہ چھنو میں حاجی ظفر درس کے قریبی رشتے دار کے انتقال پر ان کے گھروں میں جاکر ملاقاتیں کیں اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

جبکہ انہوں نے ملیر کے مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل معلوم کیئے ۔اس موقع پر علاقہ معززین سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملیر میں ترقی کے نام پر اربوں روپے کا بجٹ ہڑپ کرلیا گیا ،ملیر اندھیرے اور کوڑے کا ڈھیر مقدر بن چکاہے ، بعدازاں انہوں نے پارٹی کارکنو ں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی اور آزادی صحافت کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ وقتوں میں میڈیا کو عدم تحفظ اور دباؤ جیسے مسائل کا سامنا ہے ، پاکستان ان ممالک کی فہرست میں نمایاں ہیں جہاں صحافی حضرات کو دوران ڈیوٹی اپنی جانوں سے جانا پڑا ہے اس سے بڑھ کر المیہ یہ ہے کہ ان صحافیوں کا حکومت کی جانب سے آج تک انصاف بھی نہیں دلوایا جاسکاہے ،صحافیوں کے تحفظ سے جان چھڑانے والے حکمران مال بنانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو صحافیوں کی جان ومال اور ان کے کردار کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات