پریس اور اظہار کی آزادی کے لیے کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ،بلاول بھٹو زرداری

وفاقی اور صوبائی حکومتیں کہ صحافیوں کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کریں ،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا یوم صحافت پر پیغام

منگل 3 مئی 2016 18:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پاکستان میں پریس کی آزادی کے تعارف کا بنیاد رکھا اور پارٹی پر عزم ہے کہ پریس اور اظہار کی آزادی کے لیے وہ کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، آج پوری دنیا میں منائے جانے والے پریس کی آزادی کے دن پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ پریس کا گلہ دبایا ہے ، یہاں تک کہ صحافیوں اور میڈیا کے اداروں پر حملے بھی کروائے لیکن پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ صحافی برداری کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان کے ساتھ مل کر آمروں اور ان کے بنائے ہوئے خوفناک پریس مخالف قوانین کے خلاف جنگ لڑی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان اور صحافیوں نے جمہوریت اور پریس کی آزادی کے لیے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے جس کے برعکس انہیں جیلیں اور پولیس تھانے نصیب ہوئے، بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کو خصوصاً دہشتگردی سے متاثر علاقوں میں سیکیورٹی کی کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہا کہ کہ صحافیوں کے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور ان کے فلاح و بہبود کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے خود کو ملک کی سب سے زیادہ صابر جماعت طور ثابت کیا ہے اور خود پر ہونے والی ایماندارانہ اور تعمیری تنقید کو خوش آمدید کہا ہے ،کبھی بھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا ہے یہاں تک کہ پارٹی کی بالا قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے ان کا بے رحم میڈیا ٹرائل بھی کیا گیا،انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اقدار کے اکھوالے ہیں اور ان اقدار کو پریس کی آزادی پر بھی لاگو کریں گے، بلاول بھٹو زرداری نے صحافی برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جب بھی پریس اور میڈیا کو خاموش کرانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان پیپلزپارٹی اس کے خلاف جدوجہد میں صف اول میں کھڑی ہوگی۔