مشیر صحت پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس

انڈور، آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی تھرڈ پارٹی سے چیکنگ کرانے کی ہدایت سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز کو موثر بنایا جائے مریضوں کی رہنمائی کیلئے بینرز آویزاں کئے جائیں‘ خواجہ سلمان رفیق

منگل 3 مئی 2016 18:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز کو موثر بنایا جائے اور مریضوں کی راہنمائی کے لیے بینرز آویزاں کئے جائیں، انہوں نے لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور شیخوپورہ میں انڈور اور آؤٹ ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں پیراشرف رسول ایم پی اے کے علاوہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے سینئر افسران، لاہور اور شیخوپورہ کے ڈی سی اوز نے شرکت کی۔ کمشنرز گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام محکموں کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات ، انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی گئی۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈاور سپیشل برانچ کے افسران نے ڈینگی سرویلنس اور ہسپتالوں میں انتظامات کے حوالے سے خامیوں کی نشاندہی کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نجی ہسپتالوں کی اکثریت ڈینگی کے مریضوں کے بارے اعداد و شمار فراہم نہیں کررہی اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے رپورٹنگ سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ نجی ہسپتالوں اور جنرل پریکٹشنرز سے ڈینگی مریضوں کا ڈیٹا جمع کرنے کا ٹھوس نظام وضع کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈاور سپیشل برانچ کی رپورٹ میں شامل خامیوں کو دور کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔ مشیر صحت نے ڈینگی مریضوں کے علاج معالجہ کے انتظامات اور مریضوں کی راہنمائی اور آگاہی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے سوموار کو تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے کنوینرپروفیسر فیصل مسعود بھی شرکت کریں گے اور ہستپالوں کے انتظامی ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے وضع کردہ ایس او پیز بارے آگاہی فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :