چیئرمین آفس کے سامنے سی ڈی اے ملازمین وافسران کا پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف مشترکہ احتجاج

چوہدری یٰسین کی اپیل پر ملازمین و افسران پر امن طور پر منتشر ہو گئے

منگل 3 مئی 2016 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء ) پراپرٹی ڈیلروں کی طرف سے سی ڈی اے کی عمارت کے داخلی گیٹ توڑ کر اندر داخل ہونے ،ہلڑ بازی اور سیکورٹی ملازمین کو زدو کوب کرنے کے علاوہ سی ڈی اے انتظامیہ کے خلاف بیہودہ زبان الفاظ کرنے پر سی ڈی اے چیئرمین آفس ،ون ونڈو ،اسٹیٹ منیجمٹ اور دیگر ذیلی دفاترمیں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین و افسران نے چیئرمین آفس کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے واقعے کی پرزور مذمت کی جسکی وجہ سے مسلسل دو گھنٹے تک محکمہ سی ڈی اے میں تمام کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے موقع پر پہنچ کر احتجاجی شرکاء ملازمین و سی ڈی اے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران و کارکنوں کو آپکے جذبات و دکھ کا مکمل احساس ہے اور ہم پر زور طریقے سے اس غیر اخلاقی و اقعے کی مذمت کرتے ہیں ،جمہوریت میں ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مطالبات منوانے کے لیے احتجاج کرے لیکن کسی کو بھی قانون شکنی کرتے ہوئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں اور کسی صورت میں بھی ایساواقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا کہ جسکی وجہ سے قومی ادارے اور اس میں کام کرنے والوں کا تقدس پامال ہو ،ہر شہری ہمارے لیے قابل احترام ہے اور پراپرٹی ڈیلروں کو بھی چاہیے تھا کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے مسائل کو قانونی طریقے سے انتظامیہ کے سامنے پیش کرتے اور مذاکرات کے ذریعے انکو حل کروانے کی کوشش کرتے ،موجود ہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل اور انکی ٹیم نہایت عوام دوست اور مزدور دوست ہے اور وہ دن رات محنت کر کے اس شہر کی عوام کو بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے تیزی کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کر رہے ہیں ،شہر کی سڑکوں کو کشادہ کررہے ہیں اور پارکوں میں نئے پھول پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق اس شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے ،چوہدری محمد یٰسین نے اس موقع پر سی ڈی اے ملازمین اور کارکنوں کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ پر امن طور پر منتشر ہو کر اپنا کام محنت و لگن سے جاری رکھیں ،یہ شہر ہمارا ہے اور ہم نے اس ادارے کی بہتری کے لیے اور حکومت سے ملکر اس شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے دن رات محنت کرنا ہے ،سی ڈی اے کے پندرہ ہزار محنت کش درحقیقت پندرہ ہزار خاندان ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف اور جمہوریت کی فروغ کی خاطر ہمیشہ مسلح افواج اور حکومت پاکستان کی آواز میں آواز ملائی اور آئندہ بھی قومی معاملات میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ،چوہدری محمد یٰسین کی اپیل پر سی ڈی اے ملازمین و افسران پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔