Live Updates

12 مئی کو عمران خان مظفر آباد میں جلسہ سے خطاب کریں گے ،بیرسٹر سلطان

پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سال کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا،دعوت دیتا ہوں پی پی کے باضمیر کارکن تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں، پریس کانفرنس

منگل 3 مئی 2016 18:20

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سال کرپشن کا بازار گرم رکھا اور کشمیر کونسل کے ٹکٹ بھی اسی بنیاد پر دئیے جبکہ اصل کارکنوں کی تذلیل کی گئی اور انہیں بعد میں کہا جائے گا کہ وہ کاغذات واپس لے لیں۔

جبکہ ن لیگ کے پاس کل گیارہ ووٹ ہیں اور چھ امید وار کھڑے کیے گئے ہیں۔جبکہ پی ٹی آئی نے ایک سیاسی کارکن انصر ابدالی کو کشمیر کونسل کا ٹکٹ جاری کیا ہے ۔مجھے یقین ہے کہ باضمیر اور کرپشن سے پاک ممبران اسمبلی انصر ابدالی کو ووٹ دیکر کامیاب کریں گے۔میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور اب باضابطہ گز ارش کرتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے باضمیر کارکن میرے ساتھ شامل ہو جائیں۔

(جاری ہے)

12 مئی کو مظفر آباد میں عمران خان جلسہ سے خطاب کرکے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں مظفر آباد سینٹرل پریس کانفرنس میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔س موقع پر تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد، امیدوار کشمیر کونسل نثار ابدالی، سابق مشیر سردار تبارک، ، تقدیس گیلانی،سابق ممبراسمبلی گلزار فاطمہ، ضلعی صدر چوہدری شفقت ، خواجہ عاطف بشیر، عدیل میر، جبار مغل، اسحاق طاہر، لیاقت قیوم عباسی، عالیہ رحمن ایڈووکیٹ، امتیاز اعوان، امبرین ایڈووکیٹ،شازیہ کیانی، ملک عنایت ، ملک عنصر ، محسن اعوان، راجہ شیراز، منیر سلہریا اور دیگر بھی موجود تھیبیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اگر ممبران اسمبلی ہی کرپشن شروع کر دیں کشمیر کونسل جو کہ ایوان بالا ہے اس میں ہی ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت شروع ہو جائے تو اسکے معاشرے پر کیا اثرات مرتب ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ اب پاکستان میں بھی پانامہ لیکس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر دیاتاکہ پانامہ لیکس پر تحقیقات صحیح انداز میں ہو سکیں۔انھوں نے کہا کہ 12مئی کو مظفر آباد میں عمران خان کا جلسہ کوٹلی کی طرح تاریخ رقم کرے گاکیونکہ یہ آزاد کشمیر کے الیکشن کی انتخابی مہم کی ابتدا ء ہوگی اور اس سے آزاد کشمیر میں نئی سیاسی صورتحال پیدا ہوگی اور اس تاریخ ساز جلسے سے عوام کو پتا لگ جائے گا کہ پی ٹی آئی کشمیر آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر کسی سیاسی جماعت سے اتحا نہیں کرے گی تاہم عمران خان نے مجھے دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دے رکھا ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے کشمیر کونسل کی نشست کیلئے امیدوار انصر ابدالی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پارٹی نے مجھ پر اعتماد کرکے مجھے کونسل کا ٹکٹ دیا ہے میں اس پر پارٹی کا شکر گزار ہوں اور امید ہے کہ باضمیر ممبران اسمبلی مجھے ووٹ دیکر کامیاب کریں گے۔*

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات