ڈبلیو ٹی او کی جانب سے پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے، ایس ایم منیر

قیام امن کے لیے سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے کاروباری سرگرمیوں کے لیے فضا ساز گار ہوئی، زاہد سعید

منگل 3 مئی 2016 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر کاٹی زاہد سعید نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل روبرٹو ایزوڈو کے پاکستانی معیشت میں بہتری سے متعلق بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی، توانائی بحران کے خاتمے میں پیش رفت سے سمیت حالات میں مثبت تبدیلی کے باعث پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے ماحول ساز گار ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عالمی تجارتی تنظیم کی جانب سے پاکستان میں معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت کا اعتراف عالمی سطح پر پاکستان کے تجارتی تعلقات میں فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انھوں نے کہا ہے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کیلیے قابل قدر کوششیں کی ہیں۔ صدر کاٹی زاہد سعید کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے یکسوئی کے ساتھ امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔ دونوں راہنماؤں نے ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :