قومی شاہرات پر حادثات کا سبب بننے والے بلیک سپاٹ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے‘ ڈی آئی جی فاران بیگ

منگل 3 مئی 2016 17:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء)زونل کمانڈر ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے کہا ہے کہ قومی شاہرات پر حادثات کا سبب بننے والے بلیک سپاٹ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ قومی شاہرات پرجان لیوا حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہارنے قو می شاہرات پر بلیک سپاٹ والے مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

اس سروے کا مقصد حادثات ہونے کی وجوہات جاننا، بلیک سپاٹ کی نشاندہی کرنا، تکنیکی طورپر شاہرات کامعائنہ کرنا،روڈ سیفٹی کی مناسب سہولیات اور ٹریفک کے بہاؤ کے متعلق جانناہے تاکہ مربوط حکمت عملی کو اپناتے ہوئے حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے سنٹرل زون میں حادثات کے لیے خطرناک مقامات مراکہ، موہنوال، سندر، مانگامنڈی، پھول نگربائی پاس، خطرناک موڑ پتوکی، پل حبیب آباد، رینالہ بائی پاس، اوکاڑہ، ویو ہوٹل ساہیوال اور چیچہ وطنی کا دورہ کیا اور وہاں حادثات کی وجوہات کا جائزہ لیااورقومی شاہرات پر تکنیکی نقائص کو حل کرنے کی تجاویز مر تب کی جائیں تاکہ حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کوبچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ روڈ یوزر کی جانب سے اوورسپیڈنگ، رانگ سائیڈ اوورٹیکنگ، مسافروں کی اوورلوڈنگ، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال اور کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے بھی حکمت عملی تیار کی گئی۔ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے مزید کہا کہ این ایچ اے کے ساتھ ملکر روڈ انجینئرنگ کے نقائص دور کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی بھی بنائی جا رہی ہے۔