محرران اپنے تھانے کے ذمہ دار ہیں ،تھانہ کلچر کی تبدیلی میں قلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں‘ ڈی آئی جی آپریشنز

محرران کے تمام مسائل کو حل اور ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائیگا‘ ڈاکٹر حیدر اشرف کی گفتگو

منگل 3 مئی 2016 17:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء )ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ محرران اپنے تھانے کے ذمہ دار ہیں اور تھانہ کلچر کی تبدیلی میں قلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،محرران کے تمام مسائل کو حل اور ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائیگا، تھانے میں جو بھی شہری آپ کے پاس چل کر اپنی مجبوری بیان کریں اُن کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور آپ کے اچھے سلوک کی وجہ سے اُس پریشان سائل کو یہ حوصلہ اور یقین ہو جائیگا کہ اس کا مسئلہ جلدی حل ہو جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہر کے تمام تھانوں کے محرران سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی اطہر اسماعیل اور تھانوں کے محرران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھانوں میں محرران کو اسٹیشنری سمیت تمام ضروریات پوری کر کے دیں گے تاکہ کسی محرر کو دفتروں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

محرران اپنے تھانے کی نفری اسٹیبلشمنٹ برانچ سے ٹیلی کریں اور تھانے میں موجود ہر رجسٹر کا ریکارڈ جلد مکمل کریں۔ جو محرر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگا اس کو ایڈمن افسران کی طرح انعام بھی دیا جائیگا اور اسکی خدمات کو سراہا بھی جائیگا ۔۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدرا شرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ تمام تھانوں کے محرران کو 2 ماہ کی ایڈوانس ا سٹیشنری فراہم کی جارہی ہے اوراسٹیشنری ختم ہونے پر دوبارہ 2 ماہ کی ایڈوانس اسٹیشنری مہیا کر دی جائیگی۔

محرران کی فوٹو کاپی کروانے کی پریشانی کو دور کرنے کیلئے ہر ایس پی کے دفتر 1/1 فوٹو کاپی مشین رکھ دی جائیگی جس سے اُس ڈویژن میں موجود محرران مفت فوٹو کاپی کرواسکیں گے۔ اپنے اہلکاروں کی حاضری روزانہ بائیومیٹرک مشینوں سے مکمل کروائی جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے چوکی رینالا خورد کے محررکی خستہ حالت عمارت کی نشاندہی کرنے پر فوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو چوکی فوری طور پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی اطہر اسماعیل نے اس موقع پر مزید کہا کہ جو محرر اپنے تھانے کے مسائل بیان کرے گا وہ ذمہ دار ہونے کا ثبوت دے گا اور اس کے مسائل جلد حل ہوں گے۔ تمام تھانے کے باتھ رومز کی مرمت، واٹر فلٹرودیگر تمام اقدامات جلد مکمل کئے جائیں گے۔