لیڈی ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی سماعت 10 مئی تک ملتوی

منگل 3 مئی 2016 17:19

لاہور۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد لیڈی ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

تھانہ گوالمنڈی پولیس لاہورنے ملزم عبدالوہاب علوی کو ہتھکڑیاں لگا کر سخت سکیورٹی میں عدالت میں کیا، سب انسپکٹر نوید،کانسٹیبل عابد اور کانسٹیبل ارباب سمیت چار گواہوہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی، ینگ ڈاکٹرز ایسویسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے گزشتہ سماعت پر عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم عبدالوہاب علوی نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو ہراساں کیا جس کے باعث درجنوں خواتین ڈاکٹرز پیشہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں،ملزم کی ان نازیبا حرکات کی بناء پر کئی خواتین ڈاکٹرز کے رشتے بھی ٹوٹ گئے جبکہ ملزم ڈاکٹر ز کو بلیک میل کر کے بھتہ بھی وصول کرتا رہا،ملزم نے عدالت میں موقف اختیار کر رکھا ہے کہ پولیس نے میڈیا کے دباؤ پر اسکے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات درج کی ہیں،استغاثہ کے چاروں گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل ہونے کی بناء پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :