ملکی معیشت کو بحران سے نکال کر صحیح سمت پر گامزن کر دیا

ملک کی معیشت کا شماربہت جلد دنیا کی ترقی یافتہ معیشتوں میں ہو گا،ضربِ عضب پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا مشترکہ عزم ہے جس سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ڈائریکٹر جنرل ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 3 مئی 2016 17:10

ملکی معیشت کو بحران سے نکال کر صحیح سمت پر گامزن کر دیا

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03مئی۔2016ء) :گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو بحران سے نکال کر صحیح سمت پر گامزن کر دیا گیا ہے اور بہت جلد ملک کی معیشت کا شمار دنیا کی ترقی یافتہ معیشتوں میں ہو گا ، ضربِ عضب پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا مشترکہ عزم ہے جس سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ،آج غیر ملکی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا ظہار انہوں نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرلMr. Roberto Azevedo سے گفتگو کے دوران کیا۔جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں وفاقی وزیرِتجارت انجینئر خرم دستگیر خان، سنیٹرنعمان وزیر خٹک،جینوا میں پاکستان کے سفیر توقیر شاہ اور 20رکنی معروف تاجر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ ملک کی جمہوری قیادت اہم قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ،پاک چین اقتصادی راہداری سمیت اہم قومی معاملات پر حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس میں عوامی مفادات ہی اولین ترجیح ہیں جن کے نتیجے میں عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کہا ملکی معیشت میں بہتری کے لیے اہم اصلاحات کی جا رہی ہیں جن کی بدولت سرمایہ کاری کا سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اقتصادی شعبے میں عالمی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اِن میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے اور جی ایس پی پلس سمیت دیگر بین الاقوامی معیار کو پورا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی یافتہ ممالک سے معاشی شراکت داری کو فروغ دے رہا ہے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ ہماری معاشی پالیسی کا بنیادی نقطہ ہے تا کہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں روز گار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی پر بھی قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر بڑے بڑے تجارتی مراکز کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل Mr. Roberto Azevedo نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافے کو سراہا جا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے امیج میں بہتری آئی ہے جس کے نتیجے میں عالمی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔