ملتان میں پی آئی اے کے تربیتی مرکز کا افتتاح،جہازوں کی مرمت کی تربیت اور ایوانکس انجینئرنگ کی دو سالہ تربیت دی جائے گی

منگل 3 مئی 2016 15:58

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برینڈ نے ملتان میں پی آئی اے کے تربیتی مرکز کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس تربیتی مرکز میں فضاء میں جہازوں کی مرمت کی تربیت اور ایوانکس انجینئرنگ کی دو سالہ تربیت دی جائے گی۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق ملتان سے پہلے کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، سوات، نواب شاہ اور کوئٹہ میں 8تربیتی مراکز قائم ہیں۔

تربیتی پروگرام میں توسیع کا آغاز 2014ء میں کیا گیا تھا اور اکتوبر سے اب تک 7تربیتی مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔ ان مراکز میں تقریباً 600طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہ طلباء فارغ التحصیل ہونے کے بعد ائرکرافٹ مینٹیننس انجینئرز کے طورپر فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ملتان کا تربیتی مرکز دو کلاس رومز اور ایک امتحانی ہال اور ایک لائبریری پر مشتمل ہے اور ابتداء میں 28طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو ہوائی بازی کے شعبے میں اپنا پرکشش کیئرر شروع کرنے کا موقع ملے گا۔ تیزی سے ترقی کرتی ہوائی بازی کی صنعت اور بالخصوص مشرق وسطی میں تکنیکی افرادی قوت کی شدید کمی ہے اور ایک اندازے کے مطابق آئندہ پانچ سے دس سال کے دوران صرف مشرق وسطیٰ میں 50ہزار سے زائد ائرکرافٹ ٹیکنیشن اور انجینئرز کی ضرورت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے تربیتی مرکز کے لئے پی ای اے ایس اے 147 سرٹیفکیٹس کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے جس سے اس کے گریجویٹس کو روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ٹریننگ سنٹر اس خطے کا پہلا ادارہ ہے جس کو 147اے این او دیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیف آپریٹننگ آفیسر نے کیمپس کا دورہ بھی کیا، ان کو ڈائریکٹر ٹریننگ و کارپوریٹ پلاننگ عامر علی اور پی آئی اے ٹریننگ سنٹر کے پرنسپل سہیل محمود نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعدازاں برنڈ ہلڈر برینڈ نے ملتان اسٹیشن کے پی آئی اے ملازمین سے ملاقات کی اور ان سے فضائی کمپنی کی بہتری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :