فائر فائٹرز کا عالمی دن کل منایا جائے گا

منگل 3 مئی 2016 14:42

فیصل آباد۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء )ملک بھر میں فائر فائٹرز کا عالمی دن کل 4مئی بروز بدھ کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں ریسکیو 1122 پنجاب ایمرجنسی سروس سمیت دیگر اداروں کے زیر اہتمام خصوصی واکس ،سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں کا اہتمام کیا جائے گا جس سے مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے حکام خطاب کریں گے۔

اس موقع پر عوا م الناس کو محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے مختلف امور کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا جائے گا کہ پبلک مقامات ، شاپنگ سنٹرز ،فیکٹریز ، کثیر المنزلہ بلڈنگز میں حفاظتی اقدامات کس طرح مکمل رکھنے چاہئیں ۔ ریسکیو1122 کے ترجمان نے کہاکہ بڑی عمارات ،شاپنگ سنٹرز ، پلازوں اور کئی کئی منزلہ بلڈنگز میں معیاری اور زلزلہ سے محفوظ تعمیرات کے ساتھ ساتھ ہنگامی انخلاء کا پلان بھی نمایاں جگہوں پر آویزاں ہوناچاہیے ۔ اسی طرح بلڈنگز کے ہر فلور پر فائر الارم سسٹم اور فائر ایکٹنگثرکی موجودگی ، فائر حوض کیبنٹ ، فائر ہائیڈرنٹس بھی موجود ہونا ضروری ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصان کو روکنے میں مدد مل سکے۔