پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن نے ملتان میں ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کر دیا

منگل 3 مئی 2016 14:08

ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن نے ملتان میں ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کر دیا ۔ ٹریننگ سینٹر میں ائر کرافٹ مینٹیننس انجینئرنگ پروگرام ، ائروسپیس اور ایوی اونکس انجینئرنگ کے دو سالہ کورس کی تدریس کی جائے گی ۔ ملتان میں اس سنٹر کے قیام کے بعد ملک بھر مین پی آئی اے کے ٹریننگ سنٹرز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جس میں کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، پشاور ، کوئٹہ ، سوات ور نوابشاہ شامل ہیں ۔

پی آئی اے ٹریننگ سینٹرز کی تعداد میں اضافے کا آغاز 2014ء میں کیا گیا اور اب تک سات سینٹرز بنائے جا چکے ہیں ۔ ان سنٹرز میں اس وقت 600سے زائد طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد دو سالہ عملی تجربہ حاصل کرنے پر یہ ائر کرافٹ مینٹیننس انجینئرنگ بن سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملتان میں قائم کئے جانے والا ٹریننگ سنٹر دو کلاس رومز ، ایک امتحانی ہال اور لائبریری پر مشتمل ہے ۔

ابتدائی طور پر اس میں 28افراد کو تعلیم دی جائے گی ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے چیف آپریٹننگ آفیسر برنڈ ہلڈن برینڈ نے کہا کہ ملتان میں اس سہولت کے آغاز سے اس علاقے کے لوگوں ایوی ایشن کے شعبے میں ائر کرافٹ مینٹیننس انجینئر کا لائسنس حاصل کرنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں بہت وسعت ہوئی ہے ۔

خاص طور پر مشرقی وسطی میں ٹیکنیکل افرادی قوت کی بہت کی ہے ۔ بوئنگ کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق اگلے پانچ سے دس سال کے دوران اس خطے میں پچاس ہزار سے زائد ائر کرافٹ ٹیکنیشنز اور انجینئرز کی ضرورت ہو گی ۔ اس سہولت سے نہ صرف ملک میں ہنر مند افرادی قوت کا اضافہ ہو گا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کا حصول بھی ممکن بنایا جاسکے گا ۔ اس کی بدولت ہمارے نوجوان دنیا بھر میں ہوا بازی کی صنعت میں اپنے کیریئر شروع کر سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے اپنے ٹریننگ سنٹرز کے لئے EASA 147سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے بھی کوشش شروع کر دی ہے تاکہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والوں کو ملازمت کے بہتر مواقع مل سکیں ۔ پی آئی اے ٹریننگ سنٹر اس خطے میں پہلا ادارہ ہے جس کو ANO 147دیا گیا ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر نے کیمپس کا دورہ بھی کیا ۔ اس موقع پر ان کو ڈائریکٹر ٹریننگ اورکارپوریٹ عامر علی اور پی آئی اے ٹریننگ سنٹر کے پرنسپل سہیل محمود نے اس منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔ بعد ازاں ہلڈن برینڈ نے ملتان اسٹیشن کے پی آئی اے ملازمین سے بھی ملاقات کی اور ان سے ائر لائن کی بہتری بارے تبادلہ خیال کیا ۔

متعلقہ عنوان :