احتساب سب کا ہوگا،چوہوں سے ڈرنے والے پنجاب کے شیروں کو للکارتے ہیں، مولانا فضل الرحمن

منگل 3 مئی 2016 13:46

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ چوہوں سے ڈرنے والوں نے پنجاب کے شیروں کو للکارا ہے‘ ملک میں احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا‘ لاہور کے جلسے میں ان کے درندوں نے خواتین سے بدتمیزی کی‘ جلسے میں خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک کیا گیا‘ عمران خان کا احتساب ہوگا تو گھر یا جیل نہیں سسرال جانا ہوگا‘ خیبر پختونخوا حکومت کی سب سے بڑی ڈیوٹی چوہوں کو مارنا ہے۔

وہ منگل کو بنوں میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ مانگنے والے سن لیں ان کی باری آئی تو ملک بھر میں کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ صوبے کے مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے ترقی کے نام سے نابلد ہیں۔ استعفیٰ مانگنے والوں کی باری آئی تو سسرال جاکر پناہ لینا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پسماندہ علاقے میں آمد سے ترقی کا آغاز ہوگیا ہے۔

گزشتہ 67سالوں میں پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔ صوبے میں مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے ترقی کی رہا میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں اخلاقی اقدار کو پامال کیا جاتا ہے ان جلسوں میں عورتوں کی عزتوں کو پامال کیا جاتا ہے ان کے کپڑے نوچے جاتے ہیں۔ لاہور کے جلسے میں ان کے درندوں نے خواتین سے بدتمیزی کی۔

گزشتہ دنوں کے اسلام آباد کے جلسے میں خواتین کی عزت کو تار تار کیا گیا یہ لوگ پشتونوں کی عزت کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی سب سے بڑی ڈیوٹی چوہوں کو مارنا ہے چوہوں سے ڈرنے والوں نے پنجاب کے شیروں کو للکارا ہے۔ ملک میں احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ایک ذمہ دار وفد نے مجھے آکر کہا کہ آپ کے صوبے میں مذہب کی جڑیں بہت گہری ہیں اس وفد نے کہا کہ مذہب کی جڑیں اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہم نے عمران خان اور ان کی پارٹی کو اس صوبے پر مسلط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد میں جاگتے لوگوں کو لیا جاتا ہے نشے میں دھت لوگوں کو نہیں انشاء الله ترقی کی سفر جاری رہے گا وزیراعظم 14 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان آئینگے۔

متعلقہ عنوان :