پنجاب سیڈ کونسل نے کپاس کی 10نئی بی ٹی اور2نان بی ٹی اقسام کی منظوری دے دی

منگل 3 مئی 2016 12:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء) پنجاب سیڈ کونسل کا 46واں اجلاس وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید کی صدارت میں زراعت ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کپاس کی 10نئی بی ٹی اور 2نان بی ٹی اقسام کی منظوری دی گئی ہے ۔ان منظورشدہ بی ٹی اقسام میں ایف ایچ لالہ زار، ایم این ایچ 988-، بی ایچ184-، وی ایچ 305-، اے جی سی ، 777،کیمب33-، بی ایس52-، آئی یو بی 13-، ایم ایم 58- ، لیڈر1-جبکہ نان بی ٹی اقسام میں سائیٹو124-اور نایاب 2008-شامل ہیں۔

کپاس کی 5دیگر بی ٹی اقسام کی منظوری کو نیشنل بائیو سیفٹی کمیشن کے اجازت نامہ سے مشروط کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے اس موقع پر زرعی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سائنسدانوں کی کاوشوں سے زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے والی ،کم پانی سے تیار ہونے والی اور بیماریوں کے خلاف مدافعت رکھنے والی کپاس کی نئی بی ٹی اور نان بی ٹی اقسام متعارف کروائی گئی ہیں جن کی کاشت سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ زرعی سائنسدان وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے زرعی انقلاب اور ملکی معیشت کے استحکام کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مزید تندہی سے ریسرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں کی ریسرچ کا اصل فائدہ اسی صورت میں ہے جب تحقیق کا ثمر کھیت میں کام کرنے والے محنت کش تک براہ راست پہنچے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر زراعت کا جدید خطوط پو استوارکرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید موسمی تغیر سے نبرد آزما ہونے والے طاقتور بیج ہی ہماری زرعی خودکفالت کی ضمانت ہوں گے۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب کیٹن (ر) محمد محمود، سیکرٹری سیڈ کونسل خاقان بابر ، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان ڈاکٹر ساجد حسن شاہ ، ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ، ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر صغیر احمد، ڈائریکٹر نبجی ڈاکٹر محمد شاہد اور ڈائریکٹر ایگری کلچرل انفارمیشن پنجاب محمد رفیق اخترکے علاوہ بریڈرز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :