اپوزیشن پانامہ لیکس کاسہارا لینے کی بجائے ترقی و خوشحالی کے میدان میں مسلم لیگ(ن)کا مقابلہ کرے،چودھری نثارمسلم لیگ(ن) کا قیمتی سرمایہ ہیں،پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدرلیاقت خان کا بیان

پیر 2 مئی 2016 22:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدرلیاقت خان نے کہاہے کہ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے امریکہ اور انگلینڈ کے کامیاب دورے کرکے سلامتی امور سمیت ملکی سالمیت سے متعلق درپیش مسائل کو دنیا کے سامنے اجاگر کرکے پاکستان کے واضح اور دوٹوک موقف کو ایک بارپھر سے دہرایا ہے، چودھری نثا رعلی خان پاکستان مسلم لیگ(ن) کا قیمتی سرمایہ ہیں،چودھری نثار علی خان نے دھرنے کی سیاست کرنے والوں کو اپنی سیاسی بصیرت سے ٹھکانے لگانے کی کامیاب حکمت عملی بھی تیار کی۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدرلیاقت خان نے کہاکہ بلورانی جوش خطابت میں یہ بھی "بول گئی "کہ پانامہ لیکس میں اُن کی عظیم ماما جانی کا نام شامل ہے ، اپوزیشن لیکس کا سہارالینے کی بجائے ترقی و خوشحالی کے میدان میں ہمارا مقابلہ کریں،میاں نوازشریف پاکستان کے امن ،ترقی و خوشحالی نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے مسئلے کو اٹھا کر تمام عوامی مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے،عوام کو گمراہ کرنے کا پروپیگنڈہ بند کیاجائے، قوم اور ملک کو اس کے سوابھی بے شمار مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے کی جانے والی کاوشیں اپوزیشن کی وجہ سے متاثر ہورہی ہیں۔مسلم لیگی رہنما لیاقت خان نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ قوم اور ملک کے مفاد کے تحفظ والا نہیں بلکہ ہر جماعت اپنا اپنا سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے تنقید برائے تنقید کے راستے پر چل رہی ہے، مثبت اور تعمیری تنقید سے پاکستان مسلم لیگ(ن) ہر گز خوفزدہ نہیں مگر جس طرح پانامہ لیکس کا معاملہ اچھالا جا رہا ہے اس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام آئے گا اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری منصوبوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے،اپوزیشن والوں کو عوام کا ہی خیال کرناچاہیے۔