قتل کے ایک ملزم کو سزائے موت دوسرے کو5سال قید وجر ما نہ

پیر 2 مئی 2016 15:23

قصور۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مئی۔2016ء)قصورکی 2سیشن عدالتوں نے قتل کے 2 الگ الگ مقدمات جس میں غیرت کے نام پرقریبی رشتہ داروں اور رقم لین دین کے تنازعہ پر سالے کے ہاتھوں بہنوئی کے قتل کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک ملزم کو سزائے موت مبلغ 1لاکھ روپے جرمانہ‘ دوسرے ملزم کو مضروب کرنے پر5سال قید مبلغ25ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

تفصیلا ت کے مطا بق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور رائے محمدنواز مارتھ نے تھانہ راجہ جنگ کے علاقہ میرمحمد میں سال2011ء میں غیرت کے نام پر قتل ہونیوالے محمد یحییٰ اور محمدآصف کو شدید مضروب کرنیوالے ملزمان عامرکو سزائے موت مبلغ ایک لاکھ روپے جرمانہ اور اسکے حقیقی بھائی ساتھی ملزم جاویدکو محمدآصف کو زخمی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال سزائے قیدبامشقت اور مبلغ 25ہزار روپے جرمانہ کی سزاکاحکم سنایا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے والد غلام محمد اور بھائی صابرکو جرم ثابت نہ ہونے پر مقدمہ ہذا سے شک کی بناء پر بری کردیاگیا۔ جبکہ ایک دوسرے مقدمہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور مجاہدمستقیم احمد نے وارث علی مقتول جسے اسکے برادر نسبتی (سالے)محمدمنشاء وغیرہ نے فائرنگ کرکے قتل کردیاتھا کافیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پرملزم محمدمنشاء کو سزائے عمرقید اور مبلغ 5لاکھ روپے بطور معاوضہ ‘ہرجانہ مقتول کے ورثاء کو ادا کرنے کی سزاکاحکم سنایا ۔ مقدمہ کے دوسرے ملزم محمدیوسف کو استغاثہ کی طرف سے جرم ثابت کرنے میں ناکامی پر بری کردیا گیا۔