اردو کو بطور سرکاری زبان رائج کرنے کے لئے موٴثر اقدامات کئے جائیں، قائداعظم کے نظریات اور علامہ اقبال کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے، انتہا پسندی جیسے مرض کے خاتمے کے لئے علمی و ادبی سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی عرفان صدیقی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 2 مئی 2016 12:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لیے مشیر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔انہوں نے اپنے ڈویژن کی کارکردگی بالخصوص بطور سرکاری زبان اردو کے نفاذ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اردو کو بطور سرکاری زبان رائج کرنے کے لئے موٴثر اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہ آئینی تقاضا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے نظریات اور علامہ اقبال کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انتہا پسندی جیسے مرض کے خاتمے کے لئے علمی و ادبی سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں کامیاب قومی کتاب میلہ منعقد کرنے پر عرفان صدیقی کو مبارک باد دی اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں صوبوں تک بھی پھیلائی جائیں۔