ہمارا فرانزک آڈٹ ہو چکا، جن کا ڈی این اے ہونا ہے، وہ فکر کریں: پرویز رشید

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 1 مئی 2016 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی۔2016ء)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہمارا فرانزک آڈٹ محترمہ بینظر بھٹو اور پرویز مشرف کے دور میں بھی ہو چکا ہے۔ ہمیں فرانزک آڈٹ سے کوئی نہ ڈرائے۔ جن کا اب ڈی این اے ہونا ہے انہیں فکر کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے عمران خان اور اپوزیشن جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی محنت کشوں کا خاندان تھا جسے جلا وطن کیا گیا۔

وزیراعظم کے بچے اپنی مرضی سے ملک سے باہر نہیں گئے۔ مشرف کے جبر نے بچوں کو پاکستان آنے سے روکا۔ نواز شریف کے بیٹوں کو پاسپورٹ تک ایشو نہیں کیے جاتے تھے۔ اسی جبر کے نتیجے میں بڑا بیٹا جدہ اور چھوٹا لندن میں رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف گند اچھالا جا رہا ہے جس وجہ سے یہ باتیں دہرانا پڑتی ہیں۔