حکومت پسے ہوئے طبقات کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، شیخ آفتاب احمد

اتوار 1 مئی 2016 17:33

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔01 مئی۔2016ء)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت پسے ہوئے طبقات کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے -جس کے تحت بھٹہ مزدور جو معاشرے کا نہایت ہی پسماندہ طبقہ ہے اس کی بحالی اور خوشحالی کے لئے ان کے بچوں کی تعلیم کے لئے ان میں خدمت کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں -انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے اس سے قبل بھی عوامی فلاح کے بے شمار منصوبے مکمل کئے -یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت یہ خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم مئی کے موقع پر بھٹہ مزدوں میں خدمت کارڈ کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا -یہ تقریب ضلع کونسل ہال اٹک میں منعقد ہوئی -اس تقریب میں ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات, اے سی اٹک سید نظارت علی, ڈی او سی فضل اکبر, ای ڈی ایجوکیشن چوہدری خالد محمودکے علاوہ ضلع میں دیگر محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اس سلسلے میں ایک اہم پالیسی کی منظوری دی ہے جس کے تحت اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا اور چائیلڈ لیبر کا خاتمہ ہے -اس سلسلے م یں 4-سے 14-سال کے بچوں کو سکولوں میں مفت داخلہ دیا جائے گا -ہر بچے کے والدین کو سکولوں میں داخلے کے اقدام کے طور پر دو ہزار روپے دیئے جائیں گے -اس کے علاوہ بچے کی سکول کی حاضری 75-فیصد ہونے کی صورت میں ہر ماہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا -ہر بچے کو سکول یونیفارم, کتابیں, سکول بیگ اور دیگر سٹیشنری کی اشیاء دی جائیں گی -یہ اسی سلسلے کا آج پہلا پروگرام ہے -اس کے علاوہ ان بچوں کے والدین میں آج خدمت کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں اس موقع پر ڈی سی اٹک نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے بتایا کہ خدمت کارڈ کے حوالے سے ضلع اٹک میں 148-گھرانوں میں پہلے مرحلے میں یہ خدمت کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں جن سے تقریبا تین سو بچے مستفید ہونگے -اور یہ عمل اس کے بعد بھی جاری رہے گا -تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد اور ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے بھٹہ مزدوروں میں خدمت کارڈ تقسیم کئے -