حکومت کا 40لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا عمل خوش آئند ،نئی ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کرے،چوہدری افتخار مٹو

موجودہ ایکسپورٹ پالیسی کو نامنظور کرتے ہیں، مقامی گندم کے نرخ انٹرنیشنل مارکیٹ کے برابر لائے بغیر گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ ممکن نہیں محکمہ خوراک کے بدعنوان اور راشی ملازمین کی جانب سے رشوت لے کر آڑھتیوں سے گندی گندم کی خریداری کی روک تھام کی جائے ، ،چےئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا مطالبہ

اتوار 1 مئی 2016 17:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔01 مئی۔2016ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے چےئرمین چوہدری افتخار مٹو نے کہا ہے کہ حکومت کا 40لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا عمل خوش آئند ہے تاہم فاصل گندم کے نکاس کیلئے جلد از جلد نئی ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کرے،موجودہ ایکسپورٹ پالیسی کو نامنظور کرتے ہیں کیونکہ مقامی گندم کے نرخ انٹرنیشنل مارکیٹ کے برابر لائے بغیر گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ ممکن نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پنجاب حکومت کے جانب سے گندم کی خریداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری افتخارمٹو نے کہا کہ پنجاب حکومت گندم خریداری کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائے کہ ایجنٹ مافیا اور مڈل مین کی بجائے براہ راست کسان سے گندم کی خریداری کی جائے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ محکمہ خوراک کے بدعنوان اور راشی ملازمین کی جانب سے رشوت لے کر آڑھتیوں سے گندی گندم کی خریداری کی روک تھام کیلئے بھی خصوصی اقدامات کریں اور محکمہ خوراک میں چھپی کالی بھیڑوں کا بھی قلع قمع کرے تاکہ معیاری گندم کی خریداری کا عمل ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

جس سے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری اور صحت بخش آٹے کی تیاری ممکن ہو سکے،اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کی صورت میں بھی شکایات موصول ہونے سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ خوراک پنجاب اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں بعض معاملات طے پا گئے ہیں اور دونوں اداروں نے فاضل گندم کے نکاس کیلئے گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے عمل میں تیز ی لانے پر اتفاق کیا ہے تاہم موجودہ ایکسپورٹ پالیسی کے مطابق مقامی گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ عالمی مارکیٹ میں ممکن نہیں ،لہذا مقامی گندم کے نرخوں کو انٹرنیشنل مارکیٹ کے مطابق لایا جائے تاکہ انٹر نیشنل مارکیٹ میں گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی ایکسپورٹ پالیسی میں میدہ ،فائن اور گندم کی مصنوعات کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب حکومت کی جانب سے 40لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے عمل کا خیر مقدم کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :