پاکستان کا سیاسی و معاشی استحکام پانامہ لیکس پر احتجاج سے زیادہ اہم ہے ، میاں شاہد

احتساب کے نظام کی موجودگی میں میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چائیے کاروباری شخصیات سے گفتگو

اتوار 1 مئی 2016 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔01 مئی۔2016ء) یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چئیرمین میاں شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کا سیاسی و معاشی استحکام پانامہ لیکس پر احتجاج سے زیادہ اہم ہے کیونکہ سیاسی افراتفری سے اقتصادی راہداری ،ایل این جی پائپ لائن اور پاور پراجیکٹس سمیت کئی کلیدی منصوبے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہو سکتی ہے۔

پاکستان کا معاشی استحکام سبٰ سے زیادہ اہم ہے۔احتساب کے نظام کی موجودگی میں میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چائیے۔جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔انہوں نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی ملک کو تیزی سے سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے جس سے ترقی کا عمل اور مختلف معاملات پر پاکستان کی عالمی درجہ بندی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ احتجاج سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کامیابیاں، فوج کی قربانیاں اور بلوچستان میں بہتر ہوتی صورتحال پر بھی منفی اثرات پڑ سکتے ہیں جو ملکی مفاد کے خلاف ہے۔پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلینجز درپیش ہیں ، دشمن ملک کے اہم منصوبوں کو ناکام بنانے کے درپے ہے جبکہ معیشت وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی انتھک کوششوں کے بعد ٹیک آف کی پوزیشن میں آئی ہے اسلئے ہمیں صبر سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ اس وقت فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں جس سے دہشت گرد اور ملک دشمن پسپا ہو رہے ہیں اور جمہوریت جڑ پکڑ رہی ہیں اور ایسے حالات میں وزیر اعظم کو نشانہ بنانا ملکی مفاد کے خلاف ہے۔