پی پی پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ناراض رہنماؤں ،کارکنوں کو منانے کیلئے ناموں کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دیں

باضابطہ ملاقاتیں کر کے تحفظات دور کئے جائینگے،پارٹی کو فعال بنانے اور عہدیداروں کے ناموں پرمشاورت بھی کی جائے گی

اتوار 1 مئی 2016 16:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔01 مئی۔2016ء) پیپلز پارٹی پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی نے پارٹی پالیسیوں اور دیگر وجوہات کی بناء پارٹی سے ناراضگی اور دوری اختیار کرنے ولے دیرینہ رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کیلئے ناموں کی فہرستیں مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا ،لاہور سمیت پورے پنجاب میں فہرستیں مرتب ہونے کے بعد باضابطہ ملاقاتیں کر کے تحفظات دور کئے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی تنظیمیں تحلیل کرنے کے بعد آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دیکر نہ صرف انہیں پارٹی سے نالاں رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کی ذمہ داری سونپی ہے بلکہ مذکورہ کمیٹیاں نئے عہدیداروں کے ناموں اور پارٹی کو فعال بنانے کی غرض سے سفارشات بھی پیش کریں گی ۔

(جاری ہے)

وسطی پنجاب کیلئے مقرر کی گئی راجہ پرویز اشرف ،چوہدری منظور، رانا فاروق سعید ، ندیم افضل چن اور ندیم اصغر کائرہ پر مشتمل آرگنائزنگ کمیٹی نے بھی باضابطہ کام کا آغاز کر دیا ہے اور پہلے مرحلے میں پارٹی کی پالیسیوں اور دیگر وجوہات کی بنا ء پر پارٹی سے ناراضگی اور دوری اختیار کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کیلئے ان کے ناموں کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں۔

پورے صوبے میں اس مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی تمام اضلاع کے دورے کر کے ان رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کر کے نہ صرف ان کے تحفظا ت دور کرے گی بلکہ ان سے پارٹی کو فعال بنانے اور عہدیداروں کے ناموں پرمشاورت بھی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :