یوم مئی جوش وجذبے سے منایاگیا،محنت کشوں کی ریلیاں

اتوار 1 مئی 2016 15:44

ملتان۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء)ملک بھرکی طرح ملتان میں بھی مزدوروں کاعالمی دن انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا۔اس موقع پر مختلف مزدورتنظیموں کے زیراہتمام یوم مئی کی ریلیاں نکالی گئیں۔ان ریلیوں میں مزدوروں رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے حقوق کے لئے بنائے جانے والے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور فیکٹریوں،کارخانوں اور دیگر اداروں میں حالات کار بہتربنائے جائیں۔

(جاری ہے)

ٹھیکیداری نظام کاخاتمہ کیا جائے اور گھروں پرمزدوری کرنے والے محنت کشوں کو بھی ان کے حقوق دلوائے جائیں۔آل پاکستان ورکرز اتحاد فیڈریشن جنوبی پنجاب ،نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن ملتان اور وومن ورکرز فیڈریشن کی مشترکہ ریلی چوک ڈیرہ اڈاسے ملتان پریس کلب تک نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت ملک خدا بخش بھٹہ ،رانا وکیل احمد،حاجی غلام شبیر،ملک اعجاز،یوسف انصاری اورزبیدہ ملک نے کی۔ریلی میں محنت کش اتحاد یونین کالونی ٹیکسٹائل ملز،زرعی انجینئرنگ لیبر اتحادیونین سمیت مختلف مزدوروں یونینز کے سینکڑوں کارکنوں اور محنت کشوں نے شرکت کی۔