پک اینڈ ڈراپ سروس گاڑیوں میں لگے پریشر ہارن عوام کے لیے عذاب بن گئے

اتوار 1 مئی 2016 15:41

راولپنڈی۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء) سٹی ٹریفک پولیس کی سخت کارروائیاں بھی عوام کو پریشر ہارن کے مضمرات سے نجات نہ دلاسکیں ۔شہریوں کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی پریشر ہارنز کے استعمال کے خلاف وقتاً فوقتاً ہونے والی کارروائیوں کے باوجود شہر بھر میں سوزوکی مالکان اور پک اینڈ ڈ راپ سروس کی وینز میں پریشر ہارن کا استعمال جاری ہے جس سے شہریوں کو شدید تکالیف کا سامنا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ قبل ازیں مختلف روٹس پر چلنے والی سوزوکیوں میں پریشر ہارن کے استعمال کی شکایات عام تھیں تاہم ا ب دیکھنے میں آیا ہے کہ سکول کے طلباء و طالبات کی پک اینڈ ڈراپ سروس والوں نے بھی بے ہنگم آواز والے پریشر ہارنز کا استعمال شروع کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اکثر و بیشتر رکشہ ڈرائیورز نے بھی پریشر ہارن کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف روٹس دھمیال کیمپ تا صدر ،ڈھوک سیداں تاصدر ،راجہ بازار ،پیرودھائی ،صادق آباد ،چکلالہ سمیت دیگر روٹس پر چلنے والی سوزوکیوں جبکہ لالہ زار ،ہارلے سٹریٹ ،کمال آباد ،ٹاہلی موہری ،لالکڑتی کے علاقوں میں پک اینڈ دراپ سروس کے مالکان نے پریشر ہارنز کے ذریعے عوام میں صوتی آلودگی پھیلانے کا اہتمام کر رکھا ہے تاہم سٹی ٹریفک پولیس نے انہیں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔لوگوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں پریشر ہارن کے عذاب سے نجات دلائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :