کلراٹھی زمینوں کو قابل استعمال بنانے کے لیے ماہرین کے مشوروں پر عمل کیا جائے

اتوار 1 مئی 2016 15:41

راولپنڈی۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء)محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پاکستان میں تقریباً 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ رقبہ کلر اور تھور سے متاثرہ ہے جبکہ صوبہ پنجاب کا متاثرہ رقبہ 65 لاکھ ایکڑ ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں کلراٹھی زمینوں کے نفع بخش استعمال کے لئے فصلوں، پھلدار پودوں، درختوں، سبزیوں اور چارہ جات کی ایسی اقسام دریافت اور تیار کی جا رہی ہیں جو نمکیات کی موجودگی میں بھی کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہیں۔

کلراٹھی زمینوں میں فصلوں کا مناسب ادل بدل ان زمینوں کے استعمال میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے لیکن ان فصلوں کو شامل کرنے سے پہلے اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان فصلات میں کلر کے خلاف قوت مدافعت بھی موجود ہونی چاہیے۔ فصلات کے مناسب ادل بدل سے نہ صرف زمین ٹھیک ہو جاتی ہے بلکہ ان زمینوں میں کوئی نہ کوئی فصل، پودے، جھاڑیاں اور گھاس کی قسم بطور چارہ جات کاشت کر کے ان کا منافع بخش استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔