وزیراعظم سے (کل) وفاقی وزیر داخلہ ملاقات کرکے عمران فاروق قتل کیس میں ہونیوالی پیش رفت سے آگاہ کرینگے

ملاقات میں پانامہ لیکس معاملے پر اپوزیشن کے احتجاج پر موثر جواب دینے کے لئے سیاسی حکمت عملی طے کی جائیگی

اتوار 1 مئی 2016 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔01 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف سے (کل) پیر کو وفاقی وزیر داخلہچوہدری نثار علی خان ملاقات کرکے اپنے دورہ برطانیہ میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرینگے‘ ملاقات میں پانامہ لیکس معاملے پر جاری اپوزیشن کے احتجاج پر موثر جواب دینے کے لئے بھی موثر سیاسی حکمت عملی طے کی جائیگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان (کل) پیر کو اہم ملاقات کرینگے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں چوہدری نثار اپنے حالیہ دورہ برطانیہ میں برطانوی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں بارے بریفنگ دیں گے اور وزیراعظم کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی آگاہ کرینگے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امریکہ‘ اقوام متحدہ کے انسداد منشیات کے خصوصی سیشن میں اپنی شرکت اور وہاں پاکستان کی موثر نمائندگی اور امریکی حکام سے کی جانے والی ملاقاتوں پر بھی بریفنگ دیں گے۔

علاوہ ازیں بڑھتے ہوئے سیاسی درجہ حرارت اور پانامہ معاملے پر اپوزیشن کے احتجاج پر موثر جواب دینے کے لئے سیاسی حکمت عملی طے کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہوگا۔