پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس کل ہوگا، ٹی او آرز پر تفصیلی مشاورت کی جائیگی

پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں اپنے اپنے ٹی او آرز پیش کریں گی ،آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ‘ذرائع

اتوار 1 مئی 2016 15:10

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔01 مئی۔2016ء) پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز پر مشاورت اور آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس کل ( پیر ) کو منعقد ہوگا ۔اجلاس میں پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں اپنے اپنے ٹی او آرز پیش کریں گی جن کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق آج پیر کے روز ہونے والے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی ، پاکستان پیپلز پارٹی ، عوامی تحریک ، عوامی مسلم لیگ سمیت اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی دیگر جماعتوں کے مرکزی قائدین شریک ہوں گے ۔

اجلاس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز پر تفصیلی مشاور ت کے بعد اتفاق رائے کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹی او آرز کے مطابق تحقیقات اور بینکوں سے قرضے معاف کرانے والوں کی بجائے سر دست پانامہ لیکس میں وزیر اعظم او رانکے خاندان کے نام کے افراد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے گا ۔جماعت اسلامی نے 13نکاتی ٹی او آرز کی مرکزی مجلس شوریٰ سے منظوری لی ہے جبکہ تحریک انصاف کے حامد خان ایڈووکیٹ نے بھی ٹی او آرز مرتب کر کے عمران خان سے ان کی منظوری لے لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے ضابطہ کار بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔