غذر، حکومت نے زلزلہ متاثرین کو 70 فیصد معاوضے کی ادائیگی کر دی ، فدا خان فدا

اتوار 1 مئی 2016 14:05

غذر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء) ضلع غذر کی تحصیل پھنڈر میں قدیم رسم تخھم ریزی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی جس میں سردیوں کے اختتام اورموسم بہار کو خوش آمدید کہا جاتا ہے اور کاشت کاری کا سلسہ شروع کیا جاتا ہے ۔اس موقع پر پھنڈر پولو گراؤنڈ ایک شاندار میلے کا نعقاد کیا گیا جس میں پولو کھیل ،رسہ کشی ،میوزیکل پروگرام اور روائیتی کھانوں کے سٹال لگائے گئے ۔

اس موقع پرتقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی و رکن قانون ساز اسمبلی فدا خان فدا تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام اور علاقے کی ترقی کے لئے میرٹ پر کام کر رہی ہے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے این ٹی ایس کے زریعے 700اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل بہت جلد شروع ہو رہا ہے جبکہ 1 ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے گلگت چترال روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گا اس منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم ہوں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زلزلہ متاثرین کو 70 فیصد معاوضے کی ادائیگی کر دی ہے جبکہ 30 فیصد معاوضوں کی ادائیگی جلد کر دی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے پھنڈر میں انٹر کالج کی منظوری دی تھی جس کی گزشتہ دنوں پی سی ون کی منظوری بھی دے دی گئی ہے،پھنڈر میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے نتیجے میں پھنڈر گرلز پرائمری سکول کو مڈل کا درجہ دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن قیادت میں صوبائی حکومت امن وامان ،تمام مسالک میں ہم آہنگی اور سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ علاقے میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کی آمد ہو اور معیشت میں بہتری آئے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت شندور میلے کے بائیکاٹ کے حق میں نہیں ہے ۔شندور میلے سے دونوں علاقوں کے لوگوں کو تفریح اور کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے جون میں نئی اے ڈی پی میں سڑکوں، سکولوں اور ہسپتالوں کے منصوبے رکھے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :