پانامہ لیکس ہنگامہ پرحکومت کو ٹف دینے کا فیصلہ ، متحدہ اپوزیشن (کل) لائحہ عمل طے کریگی

متحدہ اپوزیشن کا پانامہ لیکس پر اہم اجلاس (کل) اعتزاز احسن کے گھر میں ہوگا،پی پی‘ پی ٹی آئی‘ ایم کیو ایم‘ جماعت اسلامی‘ اے این پی سمیت عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے اہم رہنما شریک ہونگے

اتوار 1 مئی 2016 13:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔01 مئی۔2016ء) پانامہ لیکس ہنگامہ پر متحدہ اپوزیشن (کل) پیر کولائحہ عمل طے کریگی‘ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا‘ متحدہ اپوزیشن کا پانامہ پیپرز لیکس پر اہم اجلاس (کل) پیر کو سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کے گھر میں ہوگا۔ اجلاس میں پی پی‘ پی ٹی آئی‘ ایم کیو ایم‘ جماعت اسلامی‘ اے این پی سمیت عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے اہم رہنما شریک ہونگے۔

متحدہ اپوزیشن پانامہ معاملے پر اہم لائحہ عمل طے کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے خاندان کے افراد کی آف شور کمپنیوں کے حوالے سے پانامہ پیپرز لیکس پر متحدہ اپوزیشن کا (کل) پیر کو اہم اجلاس ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر چوہدری اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر ہوگا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ‘ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی‘ اے این پی کے غلام احمد بلور‘ مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الٰہی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی اور سینٹ میں قائدین حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور اعتزاز احسن نے آج کے اجلاس کیلئے گزشتہ ہفتے مذکورہ تمام جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم نے سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا ہے جو کہ اپوزیشن کا مطالبہ تھا ۔اپوزیشن کمیشن کے ٹی او آرز طے کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے مشاورت نہ کئے جانے پر ناراض ہے۔