حکومت عوام کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنے والے اداروں اور افراد کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی رہے گی،کمشنر

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:58

گوجرانوالہ۔30اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اپریل۔2016ء ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ عوام کو علاج کی مفت سہولیات کی فراہمی میں مشغول ادارے اور افراد قابل تقلیدروایات کے حامل ہیں‘ حکومت ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی رہے گی‘معاشرے کے مخیر حضرات بھی اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ عوام کو صحت کی بہترین او ر جدیدسہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے صدر ایسوسی ایشن چوہدری سلطان گھمن‘ جنرل سیکرٹری انور مغل‘فنانس سیکرٹری افتخاراحمد کھوکھر‘ ایم پی اے آصف باجوہ ‘ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ودیگربھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات ہنگامی بنیادوں پر جاری ہیں‘ تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں ٹی بی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج کیلئے آنے والے شہریوں کو بہترین ماحول اورسہولتوں کی فراہمی کویقینی بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت تک کسی بھی شعبہ میں تن تنہا سوفیصد اہداف حاصل نہیں کرسکتی جب تک نجی شعبہ سے تعاون حاصل نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں بھی پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کررہا ہے اور اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ڈسکہ جیسے ادارے اور تنظیمیں انسانیت کی بہترین خدمت کے عمل میں مصروف ہیں خصوصا ً غریب اور مستحق افراد کو علاج کی مفت سہولیات کی فراہمی یقیناً قابل تعریف اقدام ہے انہوں نے کہا کہ مخیرحضرات آگے بڑھیں اور انسانیت کی بہتری اور بھلائی اور ملک سے ٹی بی جیسی مہلک بیماریوں کے خاتمے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں جنرل سیکرٹری اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ڈسکہ انور مغل نے اس موقع پر بتایا کہ ایسوسی ایشن 1964 سے عوام کوٹی بی جیسی مہلک بیماری سے نجات دلانے کیلئے مصروف عمل ہے اوراب تک اپنی بہترین خدمات کی بناء پر یہ کئی عالمی ایوارڈ بھی حاصل کرچکا ہے۔

ایسوسی ایشن کے زیراہتمام 72 بیڈ کے ہسپتال میں روزانہ 810 سے زائد مریض فیضیاب ہورہے ہیں انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا کہ انسداد ٹی بی کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ‘ ڈیجیٹل ایکسرے مشین‘ آٹو لیب‘ بچوں کے لئے وارڈ اور لواحقین کیلئے شیڈ کا انتظام کرایا جائے تاکہ یہاں آنے والے مریض مزیدبہتر انداز میں اپنا علاج معالجہ کروا سکیں۔