وزیر اعظم اپوزیشن کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دیں گے ،

ان کا نام براہ راست نہیں آیا اور نہ ہی ان پر کوئی الزام لگا ہے ‘احتساب کے لیے وزیر اعظم کا خاندان حاضر ہے ،پاناما لیکس پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا ، وزیراعظم کواسمبلی نے منتخب کیا وہی فورم ان کو تبدیل کر سکتاہے وفاقی وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپوزیشن کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دیں گے،پاناما لیکس معاملے پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف کا نام براہ راست نہیں آیا اور نہ ہی ان پر کوئی الزام لگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے لیے وزیر اعظم کا خاندان حاضر ہے اور پاناما لیکس پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں منظور ہوگا۔شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کے ووٹوں سے وزیر اعظم بنے ہیں اس لیے وہ اپوزیشن کے مطالبے پر مستعفی نہیں ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشر یف کا خاندان سیاست میں آنے سے پہلے کا کاروبار کر رہا ہے مگر آج تک ان پر ایک روپے کی بھی کر پشن اور ٹیکس چوری سمیت کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کواسمبلی نے منتخب کیا اور وہی فورم وزیراعظم کو تبدیل کر سکتاہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ انڈسٹری کو 24گھنٹے گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے،گیس پائپ لائن کے دو منصوبوں پر کام جاری ہے، ملک بھر میں گیس کی چھوٹی لائنیں تبدیل کرنے جا رہے ہیں اور پانچ سو ارب روپے سے خراب گیس پائن لائنیں تبدیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 2018ء تک گیس کی قلت کا خاتمہ ہوجائے گا