پانامہ لیکس ملک میں کرپشن ، منی لانڈرنگ اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ زنی روکنے کے لیے سٹیٹ کیس ہیں ‘ لیاقت بلوچ

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ یکم مئی کواکبر چوک لاہور میں تعمیرات میں دیہاڑی دار مزدوروں کے ساتھ ناشتہ میں شرکت اور استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف احتجاجی واک سے خطاب کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک قومی سلامتی کے تحفظ اور عوام کی خوشحالی کے لیے بروقت جدوجہد ہے ۔

پانامہ لیکس ملک میں کرپشن ، منی لانڈرنگ اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ زنی روکنے کے لیے سٹیٹ کیس ہیں ۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بلاتاخیر عدالتی کمیشن تشکیل دیں ۔ حکومت ، جماعت اسلامی ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے تجویز کردہ ٹی آر او ز کی بنیاد عدالتی کمیشن از خود ہمہ گیر اور جامع تحقیقات کے لیے ٹی او آرز کا فیصلہ کریں ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ پہلے اور ترجیحی بنیاد پر وزیراعظم کے خاندان ، بھٹو خاندان اور تحریک انصاف کے رہنما کے خاندان کی تحقیقات کی جائیں ۔ کرپشن کرنے والے جہاں بھی ہیں ، ان سب کا بلا امتیاز احتساب کیا جائے ۔جمعیت علمائے پاکستان کے صدر پیر اعجاز نے ٹیلی فون پر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور مقامی روزنامہ میں شائع ہونے والی خبر کی تردید کی اور کہاکہ یہ میرا موقف نہیں ہے اور جماعت اسلامی کی تاریخی جدوجہد کا احترام کرتے ہیں ۔