وزیراعظم سرکاری جلسوں کے پیچھے چھپ نہیں سکتے،استعفیٰ دینا ہوگا‘پاکستانی سربراہ حکومت کی کرپشن پر ڈھٹائی نے پوری دنیا کو حیران کردیا ہے‘سرکاری خزانے پر اپنے خاندان کیلئے دفاعی پروپیگنڈا بھی معاشی دہشت گردی ہے

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری کا ملتان میں ٹاؤن عہدیداران سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:03

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری نے ملتان میں مختلف ٹاؤنز کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس نے وزیراعظم اور انکے خاندان کی کرپشن سے نقاب اٹھا دیا ہے مگر وزیراعظم کرپشن کے الزامات کا جواب دینے کی بجائے سرکاری جلسوں سے خطاب کرنے نکل پڑے ہیں،مگر وہ شائد یہ حقیقت بھول گئے ہیں کہ پانامہ لیکس میں افشاء ہونے والے راز بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقائق ہیں جن سے انکار ممکن نہیں۔

وزیراعظم سرکاری وسائل کے ساتھ سرکاری ملازمین کے جلسوں کے پیچھے چھپ نہیں سکتے انہیں استعفیٰ دینا ہی ہوگا۔اس موقع پر ممتاز نون،مصباح اسحاق،چوہدری محمد فاروق،راؤ جمشید علی،سجاد نقشبندی انصاری،ندیم قادری،راؤ عظمت علی،معید خاکوانی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

(جاری ہے)

سردار شاکر مزاری نے کہا کہ پوری دنیا میں جن جن سربراہان مملکت یا حکومت کا نام پانامہ لیکس میں آیا ہے ان سب نے اپنی کرپشن کا اعتراف کرکے اپنے آپ کو عوام کے سامنے پیش کردیا ہے اور کئی ممالک کے سربراہان مستعفی ہوچکے ہیں مگر پاکستانی سربراہ حکومت کی کرپشن پر ڈھٹائی نے پوری دنیا کو حیران کردیا ہے۔

قوم جان چکی ہے کہ دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے والے وزیراعظم کی اپنی دولت ملک سے باہر آٖف شور کمپنیوں میں پڑی ہے جس کا کوئی حساب کتا ب نہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری خزانے کو اپنے خاندان کی کرپشن کے دفاع پر خرچ کرنا بھی معاشی دہشت گردی ہے جس پر ملکی سلامتی کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔