دیر پسماندہ علاقہ ہے اسے تعلیمی ترقی کی راہ پر گامز ن کرکے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے،صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:57

دیر بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء )سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈ ر جماعت اسلامی عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ دیر پسماندہ علاقہ ہے جس کو تعلیمی ترقی کے راہ پر گامز ن کرکے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے ۔دیر میں سکولز کی آپ گریڈیشن کر کے طلباء و طالبات کو تعلیم کے برابر مواقعے فراہم کریں گے ۔

صوبے کے تمام وسائل تعلیم کے حصول کے لیے بروئے کارلائیں گے کیونکہ تعلیم کے بغیر تعمیر و ترقی کا خواب کبھی بھی شرمند ہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کو کرپشن سے پاک کر کے پرامن اور خوشحال ملک بنائیں گے ۔ محض چہروں کی تبدیلی کے بجائے نظام کی تبدیلی ضروری ہے۔حقیقی تبدیلی تعلیم کے ذریعے ہی سے ممکن ہے ۔ دیانتدار قیادت ہی ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جب تک اختیار واقتدار دیانتدار قیادت کو نہیں ملتا ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی، تعلیمی اداروں کو ملک اور اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول کولنڈی کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔ دیر میں شرح تعلیم میں بہتری آئی ہے ۔ ہم پرائمری سے لے کر کالج اور کالج سے لے کر یونیورسٹی تک سہولیات فراہم کریں گے ۔ وہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کولنڈی اور علامہ اقبال ماڈل سکول انیڈ کالج دیر بالاکے یوم والدین اور تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے تحصیل ناظم میر مخزن الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سینئر وزیر عنایت اﷲ خان نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر عنایت اﷲ خان نے کہاکہ ملک میں امن و استحکام کرپشن کے خاتمے سے جڑا ہے اور پاکستان کی سا لمیت اور ترقی کے لیے بلاامتیاز احتساب ضروری ہوچکا ہے ملک و قوم کو قرضوں میں ڈبونے والے وطن عزیز اور عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر صاف ستھرا ، خوشحال پاکستان دینا ہے تو عوام کو کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی کرپشن فری مہم میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا ساتھ دینا ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں موجودہ سیاسی کلچر تبدیل کرنا چاہتے ہیں ہم ایسے پاکستان کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں بے روزگاری ، مہنگائی ، بدامنی ، لوڈشیڈنگ نہ ہو اور عدل وانصاف پر مبنی معاشرہ قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں امن نہیں آتاتب تک ملک وقوم خوشحال نہیں ہوسکتے۔اقتدارحکمرانوں کے پاس قوم کی امانت ہے اس لئے عوام کی فلاح وبہبود اور ان کے جان ومال کے تحفظ پر توجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ طلباء اور نوجوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور ان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے ۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے قیام سے کھیل کے میدان ایک بار پھر آباد ہوں گے ۔