Live Updates

بلاول بھٹو زرداری نے تقریر میں صرف ذاتی حملے کئے ، آزاد کشمیر کی ترقی کا کوئی پروگرام نہیں دیا،آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے، پیپلز پارٹی کے روسی دور کے کمیونیزم خیالات ہیں، بلاول بھٹو ابھی بچہ ہے، آصف زرداری کو گالیاں دینے والے عمران خان اب خود اس سے جڑ گئے ہیں،پانامہ لیکس کو ایلفی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں دانیا ل عزیز ، طلال چوہدر ی اور آصف کرمانی کابلاول بھٹو کے خطاب پرردعمل

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:55

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور آصف کرمانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے تقریر میں آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کا کوئی پروگرام نہیں دیا ، انہوں نے اپنی تقریر میں صرف ذاتی حملے کیے ، آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے ، مسلم لیگ ن کے رہنما ورکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے روسی دور کے کمیونیزم خیالات ہیں ، بلاول این آر او کی لسٹ پڑھیں 8 ہزار 400 سو کیسز میں ایک بھی نام (ن) لیگ والوں کا نہیں تھا ، مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو کو بچے کی طرح ٹریٹ کرنا چاہیے، عمران خان پہلے آصف زرداری کو گالیاں دیتے تھے اب خود اس کے ساتھ جڑ گئے ہیں اور پانامہ لیکس کو ایلفی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کوٹلی میں آزاد کشمیر الیکشن مہم کے دوران بلاول بھٹو کے جلسے میں خطابپر رد عمل دیتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر آصف کرمانی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے تقریر میں آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کا کوئی پروگرام نہیں دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا خوف بلاول کی تقریر میں واضح دکھائی دے رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نہ کرپشن کرنے کا وعدہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کی کرپشن کا اعتراف ہے ۔

بلاول نے اپنی تقریر میں صرف ذاتی حملے کیے ہیں ان کی تقریر کوئی اچھا تاثر نہیں چھوڑ سکی ۔ آصف کرمانی نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں پیپلز پارٹی کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے کیونکہ عوام کرپٹ اور نااہل حکومت سے تنگ آچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی تائید سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی ۔ بلاول کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کا نام نہیں ہے ۔

نام نہ ہونے کے باوجود وزیر اعظم نے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کیا ۔ پیپلز پارٹی کے خیالات روسی دور کے کمیونیزم نظام والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروپیگنڈے ہم پہلے بھی بہت سن چکے ہیں ۔ بلاول پہلے این آر او کی لسٹ پڑھیں اس میں 8400 سو کیسوں میں ایک بھی نام ن لیگ کا نہیں تھا ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے لوگ پکڑے جانے پر کے پی کے میں نیب کو تالے لگا دیئے اپنی باری آتی ہے تو کہتے ہیں کہ قانون میں خامی ہے ۔

بلاول کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو کو بچے کی طرح ٹریٹ کرنا چاہیے ۔ ہم سمجھ رہے تھے کہ بلاول عمران سے قربتوں کا جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات اور احتساب کی جلدی سب سے زیادہ ہمیں ہے ۔ پانامہ لیکس کو جان بوجھ کر ایلفی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان آصف زرداری کے ساتھ جڑ گئے ہیں پہلے خود انہیں گالیاں نکالتے تھے اب چور اور لٹیرے کسی کینٹیر کے پیچھے نہیں چھپ سکیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات