امت مسلمہ اخوت ،بھائی چارے اور محبت کے فروغ سے مسلمانوں پر لگا انتہا پسندی اور دہشت گردی کا لیبل ہٹاسکتی ہے،ڈاکٹرقیوم سومرو

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹرقیوم سومرو نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اخوت ،بھائی چارے اور محبت کے فروغ سے مسلمانوں پر لگا انتہا پسندی اور دہشت گردی کا لیبل ہٹاسکتی ہے ۔ہماری کاوشوں سے سندھ سے فرقہ واریت ،مذہبی انتہاء پسندی اور مذہب کے نام پر ہونے والی قتل و غارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو غوث الاعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔قیوم سومرونے کہا کہ میں نے وزارات مذہبی امور کا چارج سنبھالتے ہی اس بات کا عہد کرلیا تھا کہ تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو قائم کروں گا اور آج تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو یکجا کرنے کا مقصد بھی یہی ہے ،جس میں مجھے کامیاب نصیب ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ بھر کی درگاہوں پر ترقیاتی کام جاری ہے ۔

اس وقت 14درگاہوں پر ترقیاتی کام ہورہا ہے جبکہ 2016-17کے بجٹ میں 80درگاہوں کے لیے ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے قلیل عرصہ میں 100سے زائد مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں اور مذہبی رواداری ،یکجہتی اوربھائی چارگی بڑھانے پر زور دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال کی کاوشوں سے سندھ سے فرقہ واریت ،مذہبی انتہاء پسندی اور مذہب کے نام پر ہونے والی قتل و غارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔

قیوم سومرو نے کہا کہ غوث الاعظم حضرت عبدالقادر جیلانی نے بھی عوام الناس میں پیار و محبت کا درس دیا اور آج امت مسلمہ اخوت ،بھائی چارے اور محبت کے فروغ سے مسلمانوں پر لگا انتہا پسندی اور دہشت گردی کا لیبل ہٹاسکتی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے غوث الاعظم کے نام پر لائبریری کمپلیکس بنانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کراچی کی طرز پر سندھ کے دیگر اضلاع میں غوث الاعظم کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔