انڈسٹریل سٹیٹ میں پلاٹوں کی قیمت 65 لاکھ روپے فی ایکڑ سے کم کرنے کیلئے فیزیبلٹی رپورٹ بنا کر وزیر اعلی پنجاب کو بھجوادی گئی ہے،آئندہ چند روز میں نئی قیمتوں کا اعلان ہو جائیگا، کرنل (ر)نوید مشتاق گل

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:33

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء ) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی حکومت پنجاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کرنل (ر) نوید مشتاق گِل نے کہا ہے وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں انڈسٹریل اسٹیٹ میں پلاٹوں کی قیمت 65 لاکھ روپے فی ایکڑ سے کم کرنے کے لیے فیزیبلٹی رپورٹ بنا کر وزیر اعلی پنجاب کو بھجوادی گئی ہے․ جس پر آئندہ چند روز میں نئی قیمتوں کا اعلان ہو جائے گا․ انہوں نے کہا کہ کسی بھی انڈسٹریل اسٹیٹ کی کامیابی کا انحصار 3 پلر پر ہے․ ایک چیمبر آف کامرس، پولیٹیکل لیڈر شپ اور ضلعی حکومت․ خوش قسمتی سے وہاڑی میں تینوں کا رول انتہائی فعال مثبت اور موثر ہے․ یہی وجہ ہے کہ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی صنعت کار اور سرمایہ کار کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے․ چائنہ انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کی انڈسٹری لگانے کے لئے تیار ہے․ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آفس میں چیمبر کے عہدیداروں، ارکان و صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا․ اس موقع پر ان کے ہمراہ جنرل مینجر مارکیٹنگ پنجاب انجینئر محمد شاہد مفتی، چیف انجینئر سول محمد سعید، مارکیٹنگ منیجر وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ملک محمد شیراز بھی تھے جبکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی صدر حافظ محمود احمد شاد جو گرین گروپ کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں، صدر چیمبر میاں خالد محمود، سیکرٹری جنرل خورشید انور، چوہدری محمد سرور، ڈاکٹر گل ضمیر شاہ، چوہدری جاوید اقبال، محمد آصف، سعود احمد شاد، عابد مسعود اور محمد عمر خیام بھی موجود تھے․ چیف ایگزیکٹو آفیسر (پی آئی ای) کرنل (ر) نوید مشتاق گِل نے مزید کہا کہ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے اسپیشل اکنامک زون میں شامل ہونے سے نہ صرف انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس میں صنعت کاروں کو فائدہ ہو گا بلکہ بیرون ممالک سے یہاں نصب کی جانے والی ہمہ قسم کی مشینری پر ڈیوٹیبھی نہ لی جائے گی․ حکومت کی طرف سے اتنی بڑی چھوٹ سے غیر ملکی صنعت کار بھی وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کو پسند کر رہے ہیں․ اسپیشل اکنامک زون کے ساتھ ساتھ اس خطہ میں لیبر بھی سستی اور عام ہے․ انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں و ارکان سے کہا کہ وہ جلد از جلد پلاٹ خریدیں تا کہ انڈسٹری کا جال بچھایا جا سکے․ چیمبر سے بہتر کوئی مارکیٹنگ نہیں رکھتا․ کرنل (ر) نوید مشتاق گِل نے بتایا کہ وزیر اعلٰی کی طرف سے وہاڑی چیمبر کے پلاٹوں کے ریٹ کم کرنے کا اطلاق پہلے خریداروں پر بھی ہو گا․ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 30 جون تک سول ورک مکمل ہو جائے گا․ جبکہ بجلی کی باقاعدہ تنصیب 30 دسمبر تک مکمل ہو جائے گی چیف ایگزیکٹو آفیسر بانی نے کہا کہ انڈسٹری لگانے کے لئے بلڈنگ کی تعمیر کے لیے بجلی اس وقت بھی دستیاب ہے․ تاہم انڈسٹری چلانے کے لیے 30 دسمبر تک گرڈ اسٹیشن مکمل ہو جائے گا․ جب تک صنعت کار اپنی بلڈنگز تیار کر سکیں گے․ان کایہ بھی کہناتھا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ وہاڑی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی ہو گی․ 24 گھنٹے بجلی رہے گی․ چیمبر آف کامرس کے بانی صدر حافظ محمود احمد شاد نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پلاٹ جلد از جلد خریدیں گے۔


متعلقہ عنوان :