Live Updates

سی پیک منصوبے کو پورے ملک کے عوام کے وسیع ترمفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے،سکندرشیرپاؤ

خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،گزشتہ دو دہائیوں سے جان و مال ،گھر بارکی قربانیاں دے رہے ہیں مگر حالت زارپر کسی نے توجہ دینے کی زحمت نہیں کی،سینئروزیرخیبرپختونخوا

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین اور سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤنے پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پختون مشکل حالات سے دوچار ہیں اورہزاروں پختونوں کو دہشت گردی اور شدت پسندی کا نشانہ بنایا گیا ۔انھوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو پورے ملک کے عوام کے وسیع ترمفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روزسابقہ ممبرخیبر پختونخوا اسمبلی عالمزیب عمرزئی شہید کی چھٹی برسی کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندرشیرپاؤ نے شہید عالمزیب عمرزئی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے جنھوں نے جان فشانی ، انتھک محنت اور بے لوث خدمت کے ذریعے سیاسی میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے شہید عالمزیب عمرزئی کی جدوجہد کو پارٹی کارکنوں کیلئے مشعل راہ قراردیا اور کہا کہ ان کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور گزشتہ دو دہائیوں سے جان و مال اور گھر بارکی قربانیاں دے رہے ہیں لیکن ان کی حالت زارپر کسی نے توجہ دینے کی زحمت نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں پر مزید مظالم ڈھائے نہیں دے گی اور ان کے حقوق و تحفظ اور مفادات کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اقتدار نہیں بلکہ خطے کے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ خطہ پر امن لانے کیلئے شہید حیات محمد خان شیرپاؤ اور عالمزیب عمرزئی شہید کی طرح ہم مزید قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ خطے میں امن کے پائیدار قیام کیلئے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے لہٰذا اس سلسلے میں مرکزی حکومت عملی اقدامات اٹھائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے اور وفاقی حکومت اپنی تمام تر توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر مرکوز کرے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی نے کہا کہ اپنے شہید بھائی کا مشن جاری رکھوں گا اور علاقہ اور عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔انھوں نے کہا کہ جس طرح شہید عالمزیب نے پارٹی کارکنوں کو عزت و اہمیت دی اسی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،ممبران خیبر پختونخوا اسمبلی بخت بیدار خان ،خالد خان اور سلطان خان کے علاوہ فضل رحمان نونو نے بھی خطاب کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات