Live Updates

پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں مکمل،اہم رہنماوٴں کا جلسہ گاہ کا دورہ ،غیر معمولی صورتحال کیلئے ”پلان بی“تیار

عمران خان کو عبدالعلیم خان کی بریفنگ ،جہانگیر ترین،چوہدری سرور،شعیب صدیقی، محمود الرشید،اعجاز چوہدری کی شرکت

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے پانامہ لیکس اور کرپشن کے خلاف آج (اتوار) چیئرنگ کراس پر منعقد ہونیوالے احتجاجی جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،رات گئے تک سینئر رہنماوٴں کے مابین مشاور ت جاری رہی اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پارٹی کی طرف سے ” پلان بی“بھی تیار کر لیا گیا ہے جس میں متبادل راستے اور انتظامات شامل ہیں ۔

پی ٹی آئی کے چیئرین سیکرٹریٹ میں سینٹرل پنجاب کے سینئر رہنماوٴں کا عبدالعلیم خان سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف ضلعوں سے یکم مئی کے جلسے میں کارکنوں کی علامتی طور پر شرکت کا فیصلہ کیا گیا اسی طرح پی ٹی آئی کے بحال ہونے والے مختلف شعبہ جات انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ،عمران ٹائیگر فورس،یوتھ ونگ،شعبہ خواتین اور پی ٹی آئی لیبر ونگ کے مختلف اجلاسو ں میں یکم مئی کے جلسے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی ۔

(جاری ہے)

انجمن تاجران لاہور کے صدر حاجی طاہر فیروز نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کے جلسے کی حمائیت کا اعلان کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کو یقین دلایا کہ یکم مئی کو تاجر برادری عمران خان اور اُن کے ساتھیوں کا والہانہ استقبال کرے گی ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی،صدر لنڈا بازار حاجی نعیم بادشاہ اور صدر لٹن روڈ ملک ناظم سمیت دیگر تاجروں نے بھی پی ٹی آئی کی بھرپور حمائیت کا اعلان کیا ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو چیئرمین سیکرٹریٹ میں جلسے کے چیف کو آرڈینیٹر عبدالعلیم خان نے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں جہانگیر خان ترین،چوہدری محمد سرور ،نعیم الحق ،محمود الرشید ،اعجاز چوہدری ،شعیب صدیقی ، میاں اسلم اقبال ،جمشید اقبال چیمہ اور دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے ۔اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ شہر بھر کو یکم مئی کے جلسے کے حوالے سے بینرز اور ہورڈنگز سے بھرپور طور پر سجایا گیا ہے اور دیگر انتظامات بھی انتہائی معیاری ہیں پی ٹی آئی کے رہنماوٴں نے جلسہ گاہ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں سٹیج ،سکیورٹی ،پنڈال اور دیگر امور کے بارے میں بتایا گیا جلسہ گاہ کے اندرو نی امور کی ذمہ داری ایم پی اے شعیب صدیقی کی ہے جنہوں نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اتوار چھٹی کا دن ہے اس کے باوجود اگر انتظامیہ نے گڑ بڑ کی کوشش کی تو بھرپور مقابلہ کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات