منگھوپیر میں پولیس مقابلہ ،کالعدم تنظیم کا دہشت گرد ہلاک،2پولیس اہلکاروں سمیت 3افراد زخمی

نواز خان محسود کالعدم تحریک طالبان عابد مچھڑ گروپ کا کارندہ اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا ،انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی

ہفتہ 30 اپریل 2016 17:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) کراچی کے علاقے منگھوپر میں انسداد دہشت گردی سیل سول لائن سے مقابلے میں کالعدم تنظیم کا دہشت گرد ہلاک جبکہ 2پولیس اہلکار سمیت 3افرادزخمی ہوگئے ہیں ۔سی ٹی ڈی سیل کے انچار مظہر مشوانی کے مطابق پیر آباد کے علاقے منگھوپیر میانوالی کالونی میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا ۔

اس دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بندکرکے تلاشی کا عمل شروع کیا گیا ۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے اپنا گھیرا تنگ دیکھ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ساجد اور شہزاد زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر مجیب گلابی بھی زخمی ہوا ۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا ،جس کی شناخت محمد نواز خان محسود کے نام سے ہوئی ۔دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان عابد مچھڑ گروپ کا کارندہ تھا ۔مارا گیا دہشت گرد قتل ،اقدام قتل ،اغواء برائے تاوان ،ڈکیتی اور بھتہ خوری ایسے سنگین جرائم میں مطلوب تھا ۔دہشت گرد کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کردی گئی ہے ۔