Live Updates

عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے قرضہ معافی اور آف شور سکینڈل بارے دستاویزات میڈیا میں آرہی ہیں، بتائیں کیا اب وہ قوم سے معافی مانگیں گے ،شریف خاندان پر لگنے والے الزامات کی سچائی کا پتہ جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد چل جائے گا، پانامالیکس پر تحقیقات بارے کمیشن کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا،تحریک انصاف اس کے سامنے جاکر بات کرے،ہر بار پینترا بدلنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے، عمران جو اصول دوسروں کیلئے وضع کرتے ہیں ان کو اپنی پارٹی پرلاگو کیوں نہیں کرتے

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشیدکی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 30 اپریل 2016 17:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہعمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے قرضے معاف کرانے اور بیٹوں کے نام بیرون ملک آف شور کمپنیوں کے حوالے سے دستاویزات میڈیا میں آرہی ہیں، اب عمران خان بتائیں کہ وہ ان سے کیاسلوک کرینگے ، کیا وہ اس پر قوم سے معافی مانگیں گے ،وہ اصول جودوسروں کیلئے وضع کرتے ہیں انہیں اپنی پارٹی پرلاگو کیوں نہیں کرتے ، شریف خاندان پر لگنے والے الزامات کی سچائی کا پتہ جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد چل جائے گا پانامالیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے حوالے سے چیف جسٹس کو خط لکھ چکے ہیں،تحریک انصاف کو چاہئے کہ وہ کمیشن کے سامنے جاکر بات کرے،ہر بار پینترا بدلنے کا سلسلہ بند کیا جانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کے دوران پرویز رشید نے کہاکہ شریف خاندان پر لگنے والے الزامات کی سچائی کا پتہ کمیشن بننے کے بعد چل جائے گا جبکہ عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے قرضے معاف کرانے اور بیٹوں کے نام بیرون ملک آف شور کمپنیوں سے متعلق دستاویزات میڈیا میں آرہی ہیں۔پرویز رشید نے عمران خان سے سوال کیا کہ اب عمران خان کے پاس کیا اخلاقی جواز رہ گیا ہے کہ وہ اپنی سیاست کے لئے جن لوگوں کے وسائل استعمال کررہے ہیں انہی کے نا م اب آف شور سکینڈل میں سامنے آچکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ لوٹی ہوئی دولت اور قرضوں کے پیسوں سے ملک میں خلفشار کی فضا پیدا کرنے کی کئی مرتبہ کوشش کرچکے ہیں، پرویز رشید نے کہاکہ کیا جہانگیر ترین سے متعلق دستاویزات اور ثبوت سامنے آنے کے بعد عمران خان قوم سے معافی مانگیں گے،ان کو چاہئے کہ وہ لاہور میں اپنے( آج) کے جلسے کے دوران ان تمام چیزوں پر قوم سے سر عام معافی مانگیں۔

پرویز رشید نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا وہ ایسے لوگوں کو اپنی پارٹی سے نکالیں گے یا نہیں،وہ دوسروں سے تو یہی سوال کرتے ہیں اور مخالفین سے یہ مطالبے کرتے ہیں، اب ان کے اپنے پارٹی رہنما سے متعلق ایسی باتیں اور شواہد سامنے آئے ہیں عمران خان بتائیں کہ وہ ان سے کیا سلوک کریں گے ۔عمران خان جو اصول دوسروں کے لئے وضع کرتے ہیں ان پر وہ اپنی پارٹی میں کیوں عمل نہیں کرتے۔پرویز رشید نے واضح کیا کہ وزیراعظم پانامالیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے حوالے سے چیف جسٹس کو خط لکھ چکے ہیں اور اب تحریک انصاف کو چاہئے کہ وہ کمیشن کے سامنے جاکر بات کرے،ہر بار پینترا بدلنے کا سلسلہ بند کیا جانا چاہئے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات