اسلامی یونیورسٹی کمپیوٹنگ مقابلوں کا آغاز، ملک بھر کی 57 جامعات کی شرکت

ٹیکنالوجی کے ذریعے مسائل کا حل ترقی کی ضمانت ہے ، چیئرمین پی ٹی اے

ہفتہ 30 اپریل 2016 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایسکی (ASCII-2016) نامی مقابلے ہفتے کے روز شروع ہو گئے، جن میں ملک بھر کی 57 جامعات کے 200 سے زائد طلباء وطالبات 30 سے زائد مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ جامعہ کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام سافٹ ویئر ، مزاحیہ مشاعرہ، تقاریر، فوٹو گرافی اور موبائل ڈویلپمنٹ سمیت کئی ایک مقابلوں کی افتتاحی تقریب فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈ کر ترقی کے دروازے کھولے جا سکتے ہیں اور عصر حاضر میں ترقی کرتی قوموں کی صف میں شامل ہونے کے لیے لازم ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کو اولین ترجیح سمجھا جاے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ان کا ادارہ رواں سال کو معذور افراد کے نام کرتے ہوئے ان کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے قومی مقابلوں کا انعقاد کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کلاووٴڈ کمپیوٹنگ جیسی نئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے ان کا ادارہ جامعات کے ساتھ مل کر کام کرنے کی طرف کوشاں ہے ۔ اس موقع پر قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر محمدبشیر خان نے اپنے خطاب میں اسلامی یونیورسٹی کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ جو قومیں وقت کے ساتھ اپنے آپ کو نہیں بدلتیں وہ ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتی ہیں۔

انہوں نے ان مقابلوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ شریک طلباء و طالبات مستقبل کی ترقی میں اہم کرداراادا کریں گے۔ تقریب سے ڈین فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز ڈاکٹر محمد شیر، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سابق سربراہ ڈاکٹر خالد رشید، شعبہ کے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر حسنین نقوی نے بھی خطاب کیا اور مقابلوں کے انعقاد بارے آگاہ کیا۔ پروگرام کے آخر میں ڈین فیکلٹی اور چیئرمین کمپیوٹر سائنس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی اے کو یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔ ان مقابلوں کی اختتامی تقریب بروز اتوار فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہو گی جبکہ اتوار کو بھی کئی ایک مقابلے ، سیمینار اور کوئیز پروگرام جاری رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :