پیپلزپارٹی نجکاری کے نام پر ملازمین کو بیروزگار کرنے کی اجازت نہیں دیگی، مزدوروں، کسانوں ،ملازمین کے وقار کی حفاظت کرتی رہے گی، آصف علی زرداری

ہفتہ 30 اپریل 2016 15:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ نجکاری کے نام پر ملازمین کو بیروزگار کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور مزدوروں، کسانوں اور ملازمین کے وقار کی حفاظت کرتی رہے گی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان اور دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے مزدوروں کے حقوق کی حفاظت کرتے ہوئے عظیم قربانیاں پیش کیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اختیار کی طرح دولت بھی جس کے پاس ہوتی ہے وہ اس میں اضافہ چاہتا ہے اور اس کے نتیجہ میں امیر امیرتر ہوتا جاتا ہے اور وہ دوسروں کے اختیار پر قبضہ کرکے مزید طاقتور ہوتا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک فلاحی ریاست میں طاقتور کو ہر صورت میں غریب کو روندنے سے روکنا چاہیے اور سرمائے کو مزدوروں اور ملازمین کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ اس وقت جبکہ امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ سرمائے، مزدور اور مہارت کے درمیان تعلق پر نظرثانی کی جائے تاکہ اس تکون میں پیدا ہوجانے والی خرابیوں کو دور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مزدور اور ملازمین معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ ان کے حقوق کی جدوجہد اور ان کی توقیر کے لئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے کام کرنے کے ماحول کی بہتری اور انہیں استحصال سے بچانے کا عمل ایک مستقل عمل ہے اور پارٹی مزدوروں کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

سابق صدر پاکستان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی گزشتہ حکومت نے برطرف ملازمین کو نوکریوں پر بحال کیا، ان کی ملازمتوں کو مستقل کیا، ٹریڈ یونین سرگرمیوں کو بحال کیا اور سرکاری کارخانوں اور اداروں میں انہیں حصہ دیا۔ پارٹی نے غیرقانونی برطرفیوں کو روکنے کے لئے قانون سازی کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی خبردار ہے اور کسی صورت میں مزدوروں اور ملازمین کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

متعلقہ عنوان :