پورے ملک میں پانامہ لیکس کی بحث چلی ہوئی ہے، قوم کو اسکا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے،آج تک جن جن لوگوں نے کرپشن اور لوٹ مار کی ہے اور اپنی تجوریاں بھری ہیں ان سب کا بے رحمانہ احتساب کیا جائے

پاکستان جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی کے سربراہ افتخار محمد چوہدری کیمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت

ہفتہ 30 اپریل 2016 15:13

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) پاکستان جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی کے سربراہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں پانامہ لیکس کی بحث چلی ہوئی ہے، قوم کو اسکا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے،آج تک جن جن لوگوں نے کرپشن اور لوٹ مار کی ہے اور اپنی تجوریاں بھری ہیں ان سب کا بے رحمانہ احتساب کیا جائے۔

(جاری ہے)

بذریعہ خیبر میل ایکسپریس سندھ جاتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت آنا ہی تھا جب ملک کے ہر شہری نے احتساب کی ضرورت کو محسوس کرنا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ بلا امتیاز احتساب کرکے قومی سرمایہ لوٹنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے کیونکہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں احتساب کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہوتی، مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے آئین پر مکمل عملدرآمد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے، جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے سب کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہنا پڑیگا،سابق چیف جسٹس نے کہا ہم نے ہمیشہ ملک میں آئین اور قانون کی بالا دستی کی بات کی ہے ماضی میں جتنے بھی مسائل پیدا ہوئے انکی بڑی وجہ وٴئین سے انحراف تھا،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے آئین پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے ،آئین اور قانون پر عملدرآمد نہ ہونے سے کرپشن اور لوٹ مار میں اضافہ ہوا اور دیگر گھمبیر مسائل نے بھی جنم لیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت قومی امنگوں کی ترجمان ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔