حکومت میڈیکل کے شعبہ میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے ، بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کی کمی کی وجہ سے میڈیکل اور ہیلتھ کے شعبہ کو چیلنجز درپیش ہیں، حکومت کی بہتری پالیسیوں کی بدولت ملک میں بہتری آ رہی ہے، امن و امان کی صورتحال اور معیشت بہتر ہو رہی ہے، ڈاکٹرز میڈیکل کے شعبہ کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں اور ایمانداری اور محنت کے ساتھ بالاامتیاز ملک کی خدمت کریں

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹرطارق فضل چوہدری کاکنووکیشن سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 15:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت میڈیکل کے شعبہ میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے اور درپیش مسائل پر قابو پا رہی ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کی کمی کی وجہ سے میڈیکل اور ہیلتھ کے شعبہ کو چیلنجز درپیش ہیں، حکومت کی بہتری پالیسیوں کی بدولت ملک میں بہتری آ رہی ہے، امن و امان کی صورتحال اور معیشت بہتر ہو رہی ہے، ڈاکٹرز میڈیکل کے شعبہ کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں اور ایمانداری اور محنت کے ساتھ بالاامتیاز ملک کی خدمت کریں۔

وہ ہفتہ کو اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے دوسرے کنووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 300ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج( آئی سی اینڈ ایم ڈی) کا دوسرا کنووکیشن (تقریب تقسیم اسناد) جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تھے۔

تقریب میں 2010-11سیشن میں کامیاب ہونے والے 200طلبہ و طالبات کو ایم بی بی ایس جبکہ پی ڈی ایس کے 100طلبہ و طالبات کو وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں ڈاکٹر ماریہ راؤف، ڈاکٹر مہوش پاشا، ڈاکٹر عمیر نعیم خان، ڈاکٹر وحید غفار باری کو بہترین گریجویٹس قرار دیا گیا اور گولڈ میڈلز عطا کئے گئے۔ تقریب میں اپنے شعبہ جات میں بہترین اور امتیازی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میڈلز دیئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وہ اس باوقار تقریب میں شرکت کر کے بڑی خوشی محسوس کر رہے ہیں، انہوں نے اسناد حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کو ایک بڑا موقع دیا ہے، اب محنت ایمانداری اور بلا امتیاز قوم کی اور انسانیت کی خدمت کریں، میڈیکل بڑا باعزت شعبہ ہے اور انسانیت کی خدمت سب سے افضل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیکل اور ہیلتھ سروس کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ملک میں عالمی معیار کی میڈیکل سروس نہیں، ان مشکل حالات میں آپ محنت کے ساتھ پیشہ وارانہ خدمات کے ذریعے ملک کی خدمت کریں، ملک کی خدمت آپ پر فرض ہے۔ ملک کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ان مسائل پر قابو پایا جا رہا ہے، ملک میں دہشت گردی کم ہو رہی ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور معیشت بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کامیاب ہونے والے طالبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ آپ بھی اپنے حصے کی خدمات ہیلتھ سروس کی بہتری کیلئے دیں، ملک میں بے شمار بچے سڑکوں پر رل رہے ہیں، وسائل نہ ہونے کی وجہ سے یہ دیگر مسائل اور عدم توجہ کی وجہ سے ان کو موقع نہیں ملا کہ وہ تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل روشن کر سکیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کالج کے چیئرمین، پرنسپل، فیکلٹی ممبران اور سٹاف کو مبارکباد پیش کی اور ادارے کی کامیابی پر ان کے کردار کی تعریف کی۔

تقریب سے چیئرمین اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج غلام اکبر نیازی، پرنسپل ڈاکٹر خالد حسن نے بھی خطاب کیا۔ بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل(ر) تنویر فیض نے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو سونیئر پیش کیا، پرنسپل کالج ڈاکٹر خالد حسن نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات سے حلف لیا

متعلقہ عنوان :