آئی سی سی چیئرمین کے امیدوار مہم نہیں چلا سکیں گے

ہفتہ 30 اپریل 2016 15:12

آئی سی سی چیئرمین کے امیدوار مہم نہیں چلا سکیں گے

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) آئی سی سی چیئرمین کے امیدوار مہم نہیں چلا سکیں گے، ضرورت پڑنے پر صرف پریزینٹیشن دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا، نامزدگی کا مرحلہ 8مئی کو شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ”بگ تھری“ کی اجارہ داری ختم کرتے ہوئے آئی سی سی کا جمہوری چیئرمین منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں 1997کے بعد سے کام کرنے والے ماضی کے اور موجودہ ڈائریکٹرز کے نام پیش کیے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی نامزدگیاں آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین عدنان زیدی کو بھجوانے کا سلسلہ 8مئی کو شروع ہوگا، نامزد امیدوار کی رضامندی جاننے تک ناموں کو خفیہ رکھا جائے گا۔

امکان ہے کہ انتخاب کا عمل اسی ماہ کی 23 تاریخ تک مکمل کرتے ہوئے کامیاب امیدوار کا اعلان کردیا جائے گا۔اس عہدے کے خواہشمند افراد کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو امیدوار کو اپنے لائحہ عمل اور پلان سے آگاہ کرنے کیلیے صرف پریزینٹیشن دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔