لیگی رکن قومی اسمبلی کی پنجاب حکومت کیخلاف بغاوت

ہفتہ 30 اپریل 2016 14:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین میاں عبدالمنان نے اپنی ہی صوبائی حکومت کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے دور حکومت میں جو 512 ملٹی سٹوری فلیٹ کی بلڈنگ تعمیر کی گئی تھی ان کو کسی بھی صورت خستہ حالت کا بہانہ بنا کر گرانے نہیں دیا جائے گا کسی غریب کو بے گھر نہیں ہونے دوں گا ۔

کوہ نور فلیٹس میری نعش سے ہی گزر کر گرائے جا سکتے ہیں ۔میں اپنے حلقے کا ایم این اے ہونے کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ اور سب کچھ میں ہی ہوں ۔ میاں عبدالمنان نے یہ بات سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کی طرف سے خستہ حالت فلیٹس کو خالی کرانے کیلئے فلیٹس کے قابضین / مکینوں کو فلیٹ خالی کرنے کے نوٹس جاری کرنے کے جواب میں کہی ۔

(جاری ہے)

آن لائن کے مطابق 1974 ء میں وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں وزیراعظم کی ہدایت پر غریبوں اور بے گھر افراد کیلئے فلیٹ تعمیر کیے گئے تھے جس کا افتتاح اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد حنیف رامے نے کیا تھا ان فیلٹس کی دیکھ بھال اور ان کی تعمیر و مرمت کی ذمہ داری فیصل آباد ترقیاتی ادارے کے ذمہ تھی مگر ادارے نے ان فلیٹس کی تعمیر و مرمت اور تزین و آرائش پر کوئی توجہ نہ دی چنانچہ بارشوں اور زلزلوں کی وجہ سے فلیٹس کی حالت مخدوش ہوتی چلی گئی ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما میاں عبدالمنان بھٹو دور حکومت میں پیپلز پارٹی کے جیالے تھے بعد ازاں انہوں نے پیپلز پارٹی علیحدگی اختیار کر کے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی اور قومی اسمبلی کے دو مرتبہ نہ صرف ممبر منتخب ہوئے بلکہ انہوں نے اپنے بیٹے میاں عرفان کو وزیراعلیٰ پنجاب میان شہباز شریف کے حکم پر( واسا فیصل آباد )کا وائس چیئرمین نامزد کرا لیا جو اب تک اس عہدہ پر براجمان ہے ۔

میاں عبدالمنان اسی حلقہ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں ۔ آن لائن کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مجاز اتھارٹی کی طرف سے ٹیکنیکل سروے کے دوران جڑانوالہ روڈ پر واقع 512 ملٹی سٹوری فلیٹس کی بلڈنگز بوسیدہ ، مخدوش اور انتہائی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے جن کے گرنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت جانی و مالی نقصان موجب بن سکتی ہے جس پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے فلیٹس قابضین / مکینوں کو تحریری نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے خاندا ن کے جان و مال تحفظ کیلئے خطرناک فلیٹس کو بلاتاخیر فوری طور پر خالی کر دیں ۔

اس سلسلہ میں پنجاب حکومت کی طرف سے ری لوکیشن الاؤنس بھی متاثرین کو دیا جائے گامگر حلقہ ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا کہ وہ کوہ نور فلیٹس کو کسی بھی صورت گرانے نہیں دیں گے ۔ان فلیٹس میں رہائش رکھنے والے قابضین جن کی تعداد ہزاروں میں ہے میرے ووٹر ہیں ۔ انہوں نے کہا کسی کو بے گھر نہیں ہونے دوں گا اور نہ بیوروکریسی کی کوئی سازش کامیاب ہونے دی جائے گی ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان فلیٹس کی صوبائی اور وفاقی حکومت اس کی مرمت کروائے جبکہ وہ اپنے فنڈ سے بھی ان فلیٹس کی مرمت کیلئے رقم فراہم کر رہے ہیں چنانچہ اس صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالمنان کے درمیان ٹھن گئی ہے میاں عبدالمنان ایم این اے کو صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ کی مکمل حمائت حاصل ہے ۔