Live Updates

تحریک انصاف کل مال روڈ پر طاقت کا مظاہرہ کریگی ،عوام کی شرکت یقینی بنانے کیلئے ریلیاں

ہفتہ 30 اپریل 2016 13:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کل ( اتوار) لاہور میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر جلسے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ، اسلا م آباد میں پیش آنیوالے نا خوشگوار واقعہ کے بعد لاہور میں جلسے کے دوران خواتین کیلئے مکمل طور پر الگ جگہ مختص کر دی گئی ،جلسے میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج ( اتوار) شام لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے جلسہ کرے گی جس سے عمران خان سمیت دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے ۔ پی ٹی آئی نے جلسے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ چیف آرگنائزر عبد العلیم خان سمیت دیگر رہنماؤں نے سے پارٹی سربراہ عمران خان کو جلسے کیلئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

عمران خان کو آگاہ کیا گیا کہ لاہور میں جلسے کے دوران خواتین کے بیٹھنے کیلئے مکمل طو رپر الگ جگہ مختص کر کے رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق جلسے میں لاہور کے علاوہ قریبی اضلاع سے بھی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کریگی ۔ جلسے کیلئے مال روڈ کو بینرز اور فلیکسز سے سجا دیا گیا ہے ۔مرکزی اسٹیج پنجاب اسمبلی کے سامنے ہو گا جبکہ شرکاء مسجد شہداء کی طرف سے بیٹھیں گے ۔

علاوہ ازیں جلسے میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جس سے ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار رہا ۔ کارکن پارٹی پرچم اٹھائے قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ اور لاہور پولیس نے بھی پی ٹی آئی کے آج کے جلسہ کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس کئے ۔

ان اجلاسوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ،ٹریفک کے بہاؤ کے لئے متبادل روٹس ترتیب دینے اور خصوصاًپنجاب اسمبلی ، گورنر ہاؤس ،ایوان وزیر اعلیٰ اورواپڈا ہاؤس سمیت دیگر اہم عمارتوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مال روڈ پر کاروبار مکمل بند رہے گا ۔شرکاء کو وا ک تھر و گیٹس اور جامع تلاشی کے بعد جلسے کے لئے مختص جگہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

دوسری طرف تاجروں نے مال روڈ پر سیاسی سر گرمیوں اور احتجاجی مظاہروں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مال روڈ پر احتجاج اور سیاسی سر گر میوں کی وجہ سے ان کا کاروبار ختم ہو کر رہ گیا ہے ۔خریداروں نے احتجاجی اور سیاسی سر گرمیوں کا گڑھ بننے کی وجہ سے مال روڈ کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :