جمہوریت کو خطرہ نہیں ،حکومت اپنا وقت پورا کریگی، شیخ آفتاب احمد

ہفتہ 30 اپریل 2016 13:27

ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء ) مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمدنے کہا ہے کہ دھرنے اور جلسے سیاسی جماعتوں کاحق ہے تاہم اس سے نہ جمہوریت ڈی ریل ہو گی نہ کرنے دیں گے(ن لیگ) ایک سیاسی پارٹی ہے اور سیاست کرنا جانتی ہے ،ٹیکسلا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس جانا ،ترقیاتی کاموں کااعلان اور افتتاح کرناوزیراعظم کا آئینی و جمہوری حق ہے اور اس میں کوئی نئی بات نہیں وزیراعظم کا عوام سے رجوع کر نا ، قبل از وقت انتخاب کی تیاری نہیں ہے،انتخابات وقت پر ہوں گے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،وزیر اعظم کے عوام سے خطابات اور پی ٹی آئی کے عوامی جلسوں کا وقت ایک ہونا محض اتفاق ہے پانامہ لیکس میں وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے کسی فرد کا نام نہیں ،پانامہ لیک صرف اور صرف ایک ڈرامہ ہے ،کاروبار کرنا ہر شخص کا حق ہے اور وزیراعظم نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعظم کے اثاثے مصنوعی نہیں ان کا خاندان قیام پاکستان سے قبل تجارت سے وابسطہ ہے ،اپوزیشن ٹف ٹائم دینا چاہتی ہے تو دے ، وزیر اعظم کو اٹک قلعہ میں بند کیا گیا ملک بدر کیا گیا وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے ساتھ ظلم و زیادتی کی ایک تاریخ رقم کی گئی انہوں نے صرف اور صرف جمہوریت اور پاکستان کی خاطر اٹک قلعہ میں اندھیری راتیں گزاریں انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے بیک ڈور سے نہیں آئے جو لوگ جمہوریت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں وہ قوم کی نظر میں ہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔